سونے کی قیمت نے تاریخ رقم کر دی، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟
Gold price Pakistan
فائل فوٹو
کراچی:(ویب ڈیسک) پاکستان میں سونے کی قیمتوں نے نئی تاریخ رقم کر دی، 24 قیراط فی تولہ سونا پہلی بار 4 لاکھ روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

اس سے قبل ملک کی تاریخ میں سونے کی قیمت اتنی زیادہ کبھی ریکارڈ نہیں ہوئی تھی۔

آج کے ریٹس کے مطابق خالص 24 قیراط سونا 4,00,000 روپے فی تولہ ہوگیا، جبکہ 22 قیراط سونا 3,66,666 روپے فی تولہ اور 21 قیراط سونا 3,50,000 روپے فی تولہ میں فروخت ہو رہا ہے۔

اسی طرح چاندی کی قیمت بھی بڑھ کر 6,000 روپے فی تولہ تک جا پہنچی ہے۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جہاں فی اونس قیمت 31 ڈالر اضافے کے بعد 3,757 ڈالر ہو گئی۔ اس عالمی رجحان نے مقامی مارکیٹ پر بھی گہرا اثر ڈالا ہے۔

ماہرینِ معاشیات کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمت میں اس غیر معمولی اضافے کی بنیادی وجوہات عالمی سطح پر سیاسی اور معاشی بے یقینی، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی مسلسل گرتی ہوئی قدر اور سرمایہ کاروں کی جانب سے محفوظ سرمایہ کاری کے رجحان کی طرف مائل ہونا ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر موجودہ حالات برقرار رہے تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس صورت حال نے عام شہریوں اور خاص طور پر شادی بیاہ کی تیاری کرنے والے خاندانوں کو شدید متاثر کیا ہے۔