
حکام کے مطابق یہ ہدایات نئے ای کامرس ٹیکس نظام کے تحت آن لائن مارکیٹ پلیسز اور کوریئر سروسز کے حوالے سے دی گئیں،انکم ٹیکس سرکلر میں ایف بی آر نے وضاحت کی ہے کہ ہر فروخت کنندہ کے لیے قانون کے تحت انکم ٹیکس میں رجسٹریشن لازمی ہے۔
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ آن لائن مارکیٹ پلیسز اور کوریئر سروسز اب کسی بھی غیر رجسٹرڈ فروخت کنندہ کو اپنی خدمات فراہم نہیں کر سکتیں ، آن لائن مارکیٹ پلیسز اپنے پلیٹ فارمز پر کام کرنے والے وینڈرز کے بارے میں اسٹیٹمنٹس جمع کروانے کی پابندی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر نے آن لائن کاروبار کیلئے نئے قواعدوضوابط جاری کردیے
ایف بی آر کے مطابق ملک میں بڑی تعداد میں فروخت کنندگان آن لائن مارکیٹ پلیسز یا اپنے ای اسٹورز کے ذریعے کام کر رہے ہیں اور غیر رجسٹرڈ اور غیر رسمی طور پر کام کرتے ہیں، ایف بی آر نے ایک فریم ورک تیار کیا ہے تاکہ ان فروخت کنندگان کو رجسٹر کیا جا سکے ۔
سرکلر میں کہا گیا کہ آن لائن کاروبار کرنے والوں کو آسان طریقہ کار کے تحت نیشنل ٹیکس نمبر فراہم کیا جائے گا تاکہ ہر ڈیجیٹل آرڈر شدہ لین دین پر ٹیکس کی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے، ملکی ای کامرس لین دین پر ٹیکس عائد کرنے کے لیے سیکشن 6 اے متعارف کرایا گیا ہے ، جس کے تحت ہر ڈیجیٹل آرڈر کردہ اشیاء یا خدمات پر ٹیکس وصولی کی جائے گی ۔



