پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کیا رجحان رہا؟
Pakistan Stock Exchange
فائیل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) اسٹاک مارکیٹ نے نیا سنگ میل عبور کرلیا ہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی گئی، جب کاروبار کے آغاز پر ہی 100 انڈیکس میں 855 پوائنٹس کا ریکارڈ اضافہ ہوا۔

اس نمایاں بہتری کے بعد انڈیکس 1,25,208 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، جو کہ ملکی تاریخ میں اب تک کا سب سے زیادہ ریکارڈ شدہ لیول ہے۔

ذہن نشین رہے کہ اس سے ایک روز قبل بھی مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار رہا تھا، جب پہلی بار انڈیکس نے 1,24,000 کی حد عبور کی اور کاروباری دن کے اختتام پر 1,24,353 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

ماہرینِ معیشت کا کہنا ہے کہ حالیہ بجٹ اور معاشی پالیسیوں پر سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل بہتری دیکھنے کو مل رہی ہے۔

علاوہ ازیں کرنسی مارکیٹ میں بھی مثبت اشارے سامنے آئے۔ انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 7 پیسے کی معمولی کمی واقع ہوئی، جس کے بعد ڈالر 282 روپے 40 پیسے پر آ گیا، روپے کی قدر میں استحکام اور ڈالر کی قیمت میں کمی سے مہنگائی پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔

سرمایہ کار حلقے موجودہ صورتحال کو پاکستانی معیشت کیلئے نیک شگون قرار دے رہے ہیں، تاہم ماہرین محتاط رہنے کا مشورہ بھی دے رہے ہیں، کیونکہ مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کسی بھی وقت صورتحال بدل سکتا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی یہ کارکردگی حکومت اور سرمایہ کاروں دونوں کیلئے اعتماد افزا ہے، جو معاشی بحالی کے سفر میں ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے