پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی
Petroleum Prices Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

وزارتِ خزانہ نے نئی قیمتوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے فی لٹر کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 252 روپے 63 پیسے مقرر ہو گئی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 2 روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 256 روپے 64 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔

ذہن نشین رہے کہ قیمتوں میں یہ کمی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور ملکی معاشی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ عوامی حلقوں میں حکومت کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ مہنگائی کے موجودہ دور میں ایندھن کی قیمتوں میں کمی سے ٹرانسپورٹ، زراعت اور دیگر شعبوں میں بھی بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں مزید کمی کی توقع کی جا سکتی ہے۔ تاہم یہ واضح رہے کہ قیمتوں میں رد و بدل کا حتمی فیصلہ اوگرا کی تجاویز کی روشنی میں وزارت خزانہ کرتی ہے۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ کمی عوام کیلئے ایک خوش آئند قدم ہے اور امید ہے کہ اس سے کچھ حد تک ریلیف ملے گا۔