
عید کی چھٹیوں کے بعد کاروبار کے پہلے روز سٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ جاری رہا تاہم وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں واضح کمی کے اعلان کے بعد سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔
کاروبار کے دوران سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 19 ہزار پوائنٹس سے تجاوز کر گیا اور آج سٹاک مارکیٹ کے 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 19 ہزار 179 پوائنٹس رہی۔
کاروبار کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں ہنڈ رڈ انڈیکس 1131 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 18 ہزار 938 پوائنٹس پر بند ہوا ، سٹاک مارکیٹ میں آج 19 ارب 48 کروڑ 28 لاکھ 52 ہزار 756 روپے مالیت کے 20 کروڑ 10 لاکھ 28 ہزار 266 شیئرز کا کاروبار ہوا۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروبار ہفتے کے آخری روز سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 34 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 17 ہزار 806 ہوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب انٹربینک میں آج بھی روپے کی قدر میں کمی آئی اور ڈالر کی قیمت میں 40 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر کا لین دین 280 روپے 56 پیسے پر بند ہوا۔
خیال رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر کی ٹریڈ 280 روپے 16 پیسے پر بند ہوئی تھی۔



