آئی ٹی برآمدات میں 33.54 فیصد ریکارڈ اضافہ
33.54% record growth in IT exports
اسلام آباد: (سنو نیوز) وزیر مملکت برائے آئی ٹی، شزہ فاطمہ نے اعلان کیا ہے کہ موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں 33.54 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
 
اس عرصے کے دوران آئی ٹی برآمدات 876 ملین ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں، جبکہ گذشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں یہ ترسیلات 656 ملین ڈالرز تھیں۔
 
شزہ فاطمہ کے مطابق ستمبر 2024 میں آئی ٹی کی برآمدی ترسیلات میں مزید بہتری دیکھنے میں آئی ہے، جس میں 292 ملین ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔ یہ اضافہگذشتہ سال ستمبر کے مقابلے میں 41.7 فیصد زیادہ ہے، کیونکہ ستمبر 2023 میں آئی ٹی برآمدات 206 ملین ڈالرز تھیں۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ آئی ٹی برآمدات میں اس نمایاں اضافے کی بڑی وجہ حکومتی اقدامات ہیں، جو کاروبار کرنے میں آسانی اور سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے اٹھائے جا رہے ہیں۔ 
 
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایات اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC) کی بھرپور معاونت کی بدولت وزارت آئی ٹی، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور آئی ٹی انڈسٹری برآمدات میں اضافہ کے لیے کوشاں ہیں۔
 
حکومت کے موثر اقدامات اور آئی ٹی سیکٹر کی ترقی پر خصوصی توجہ کے باعث، ملک کی آئی ٹی برآمدات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔