کراچی: 4 سال کی ننھی کلی مین ہول میں گر کر جاں بحق
Image

کراچی:(سنونیوز) کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں 4 سال کی معصوم بچی کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گئی۔ بچی کی شناخت عمرہ بلوچ کے نام سے ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ننھی عمرہ گلی میں کھیلتے کھیلتے کھلے مین ہول میں جا گری۔علاقہ مکینوں کے مطابق ان کے علاقے میں موجود بیش تر گٹر کے ڈھکن موجود نہیں جس کی وجہ سے بچوں کے گرنے کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

المناک واقعے پر موچکو پولیس نے موقف اختیار کیا کہ جاں بحق بچی کے ورثا سے رابطہ کیا جا رہا ہے، اگر وہ کوئی قانونی کارروائی کرنا چاہیں تو کارروائی ضرور کی جائے گی، تاہم بچی کے ورثا اس کی لاش سرکاری اسپتال نہیں بلکہ ایک نجی اسپتال لے گئے تھے اور پھر واپس گھر لے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں کُھلے مین ہولز کی وجہ سے 2023 کے 8 ماہ میں 68 جانیں ضائع ہوچکی اس کے باوجود ابھی تک انتظامیہ مین ہول ڈھانپنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔