پنجاب کابینہ کی آئندہ چار ماہ کیلئے بجٹ کی منظوری
Image
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب کابینہ نے آئندہ چار ماہ کیلئے بجٹ کی منظوری دے دی۔ وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا کہ بجٹ کا حجم 2076 ارب روپے ہے۔ نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کابینہ نے آئندہ 4 ماہ کیلئے بجٹ کی منظوری دی ہے، پنجاب کابینہ نے نومبر 2023 سے فروری 2024 تک بجٹ کی منظوری دی، بجٹ کا حجم 2076 ارب روپے ہے، ترقیاتی منصوبوں کیلئے 351 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی کیلئے 2 ارب روپے رکھے گئے ہیں، سڑکوں اور عمارتوں کی مرمت کیلئے 10 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ عامر میر کا کہنا تھا کہ الیکشن کی تیاریوں کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کی میٹنگ ہوئی ہے، چیف الیکشن کمشنر سے پہلے نگران وزیراعلیٰ اور پھر کابینہ کی میٹنگ ہوئی، اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، الیکشن کے موقع پر غیر ملکی مبصرین کو اضافی سیکیورٹی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے 297 حلقے ہوں گے، پنجاب میں قومی اسمبلی کے 147 حلقے ہوں گے، صوبہ بھر میں 50 ہزار پولنگ اسٹیشنز بنائے جائیں گے، پنجاب میں 7 ہزار پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے، آرمی، پولیس اور رینجرز پولنگ اسٹیشنز پر تعینات کی جائے گی، الیکشن کمیشن نے کہا ہے ان کے پاس عملے کی کمی ہے۔ نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب میں ایک لاکھ 74 ہزار غیر قانونی غیر ملکی ہیں، غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کیخلاف یکم نومبر سے کریک ڈاؤن ہوگا۔ قبل ازیں وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب کابینہ کے وزراء نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چاروں صوبوں کے ممبرز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں عام انتخابات کے لئے سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔ عام انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن کے انتظامات اور پنجاب حکومت کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ نگران پنجاب حکومت اور الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کا پرامن،آزادانہ اور منصفانہ انعقاد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر سردار سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ نگران پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ کوآرڈینیشن کے لئے فوکل پرسن مقرر کرے گی، عام انتخابات کا وقت قریب ہے، سب نے مل کر منصفانہ اور شفاف الیکشن کو یقینی بنانا ہے۔ سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، نگران پنجاب حکومت کو فری اینڈ فیئر الیکشن کے لئے مکمل سپورٹ کریں گے، 30 نومبر تک حلقہ بندیوں کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا، الیکشن کمیشن آف پاکستان شفاف،آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کرانے کے لئے تیار ہے، نگران وزیراعلی محسن نقوی کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اب تک کے اقدامات سے مکمل طور پر مطمئن ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ عام انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، پنجاب میں الیکشن کے آزادانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے، پنجاب ٹیم عام انتخابات کے منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز پر من وعن عمل کرے گی، عام انتخابات کا منصفانہ، آزادانہ اور پرامن انعقاد قومی ذمہ داری ہے جسے احسن طریقے نبھائیں گے۔ اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب میں عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ممبر سندھ نثار احمد درانی، ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی، ممبر کے پی کے جسٹس (ر) اکرام اللہ خان، ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ،سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان ڈاکٹر سیدآصف حسین، سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان ظفر اقبال حسین،صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

404 - Page not found

The page you are looking for might have been removed had its name changed or is temporarily unavailable.

Go To Homepage