انگلینڈ ایک بار پھر فیل، جانیے رمیز راجا کا جاندار تجزیہ
Image
لاہور:(سنو نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی، نامور تبصرہ نگار اور وائس پریزیڈنٹ سنو نیوز رمیز راجا کا پروگرام سپورٹس آن میں بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم کا موجودہ صورتحال سے نکلنا مشکل لگ رہا ہے۔ سابق چٰئرمین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ مخالف ٹیم اورکنڈیشن کےمطابق ٹیموں کو کھلایا جاتا ہے، نیوزی لینڈ یا دیگر بڑی ٹیمیں "ون مین شو" نہیں ہیں، بڑی ٹیمیں مواقعوں سے فائدہ اٹھاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کے پاس بھی موقع تھا، تاریخ رقم کرنے کے لیے ایک شارٹ بھی بہت ہے۔ سابق کھلاڑی عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ ٹیم میں ایک آل راؤنڈر کا ہونا بہت ضروری ہے، پاکستانی ٹیم میں کوئی نیا بولر ہی نہیں ہے، پاکستانی ٹیم سے بولنگ ہو رہی ہے نہ بیٹنگ، بیٹنگ یابولنگ، ٹیم میں کوئی ایک شعبہ بہترین ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی ٹیم نے شروع میں مارکھائی، اصل گیم 20 اوورز کے بعد شروع ہوتی ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میچ میں بھارت نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 100 رنز سے شکست دے دی تھی، 230 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 34 اوورز میں 129 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، محمد شامی نے 4 وکٹیں لیں۔ انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا انتہائی مایوس کن آغاز کیا گیا، جونی بیرسٹو اور ڈیوڈ میلان بالترتیب 14 اور 16 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، جو رووٹ اور بین سٹوکس بنا کھاتہ کھولے پویلین لوٹے۔ کپتان جوز بٹلر 10 رنز بناکر کلدیپ یادو کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے لیام لیونگسٹن نے سب سے زیادہ 27 رنز بنائے جبکہ ٹیل اینڈرز 29 رنز کا مجموعی سکور بنا کر آئوٹ ہوئے۔ بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 4، بمراہ نے 3، کلدیپ یادیو نے 2 جبکہ جڈیجا نے 1 وکٹ حاصل کی۔ بھارت نے انگلینڈ کو ہرا کر ورلڈ کپ میں مسلسل چھٹی فتح حآصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے جبکہ انگلینڈ کو ایونٹ میں مسلسل پانچویں شکست ہوئی جس کے بعد انگلینڈ کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے امکانات دم توڑ گئے ہیں۔