الیکشن کمیشن کی چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم کو ہٹانے کی ہدایت
Image
اسلام آباد: (سنو نیوز) سیکرٹری الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چودھری کو ہٹانے کی ہدایت کر دی۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو خط لکھ دیا۔ الیکشن کمیشن کا موقف ہے کہ ندیم اسلم چودھری بطور صوبائی چیف سیکریٹری اپنے فرائض غیر جانبداری سے ادا نہیں کر رہے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے نام خط میں کہا ہے کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کیلئے غیر جانبدار افسر کا ہونا ضروری ہے۔ خط کے مطابق چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا الیکشن کمیشن کو مطلوبہ مدد فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔ مذکورہ افسر کو فوری طور پر کسی موزوں اور تجربہ کار افسر سے تبدیل کیا جائے، ایسا افسر تعینات کیا جائے جو صوبے کو غیر جانبداری اور مطلوبہ کارکردگی کے ساتھ چلائے۔ واضح رہے کہ 9 اگست کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر قومی اسمبلی تحلیل کی تھی جس کے بعد وفاقی کابینہ بھی تحلیل ہو گئی تھی۔ اس وقت کے وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کی تحلیل کی سمری صدر مملکت کو بھیجی تھی جس پر ڈاکٹر عارف علوی نے دستخط کیے تھے۔ بعدازاں 12 اگست کو گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس وقت کے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ایڈوائس پر صوبائی اسمبلی کی تحلیل کی سمری پر دستخط کیے تھے۔ سندھ اسمبلی اس وقت تحلیل کی گئی ہے جب 9 اگست کو قومی اسمبلی کو قبل از وقت تحلیل کیا گیا تھا۔ اسی طرح 12 اگست کو گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کی صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کیے تھے، جس کے ساتھ ہی بلوچستان اسمبلی قبل از وقت تحلیل کردی گئی تھی۔ گورنر کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ میر عبدالقدوس بزنجو، وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ایڈوائس کے مطابق اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 112 (1) کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے میں گورنر بلوچستان ملک عبدالوالی خان کاکڑ نے بلوچستان کی صوبائی اسمبلی 12 اگست 2023 کو شام 5 بجے تحلیل کر دیا ہے۔