غزہ میں‌علاج معالجے کی سہولیات ختم، ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے لگی
Image

غزہ: (سنو نیوز) ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں بمباری کے نتیجے میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں، بیماریوں میں مبتلا افراد اور بچوں کو علاج معالجے کی سہولیات ختم ہو چکی ہیں، اس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے ۔

عالمی ادارہ صحت کے ذریعہ کئے گئے ایک جائزے میں، بچوں میں اسہال اور سانس کے انفیکشن کے کیسز بڑے پیمانے پر پائے گئے، اور ان کا کوئی علاج نہیں ہے۔ اس کے علاوہ جو مریض کینسر، دل کی بیماری یا ذیابیطس جیسی دائمی بیماریوں میں مبتلا ہوتے ہیں ان کا بھی کوئی علاج نہیں ہوتا۔

دریں اثنا، شمالی غزہ میں یونیسیف کی ٹیم نے پارکنگ گیراجوں اور باغات میں بچوں کو "خوفناک زخم" میں مبتلا دیکھ کر اسے "تباہ کن" جنگی زخموں سے تعبیر کیا ہے۔ امدادی تنظیموں نے دوبارہ لڑائی شروع نہ کرنے اور مستقل جنگ بندی کے بارے میں سوچنے کا مطالبہ دہرایا ہے۔

سی آئی اے کے ڈائریکٹرقطر پہنچ گئے:

سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز اسرائیلی انٹیلی جنس کے سربراہ اور قطری وزیر اعظم کے ساتھ خفیہ ملاقاتیں کرنے کے لیے دوحہ پہنچے، جس کا مقصد اسرائیل اور حماس کے درمیان ایک "توسیع شدہ ڈیل" میں ثالثی کرنا تھا۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق برنز مرد یرغمالیوں اور فوجی قیدیوں کی رہائی کو شامل کرنے کے لیے مذاکرات کو وسعت دینے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔

مغربی کنارے میں اسرائیل کی فائرنگ، فلسطینی شہید:

فلسطینی وزارت صحت نے اطلاع دی ہے کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے تیسرا فلسطینی شہید ہو گیا ہے۔منگل کی صبح مغربی کنارے کے شہر طوباس میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک 14 سالہ فلسطینی جاں بحق ہو گیا تھا، جس کے بعد اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔ مغربی کنارے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوئے تھے۔ آج صبح مسلح افراد اور اسرائیلی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں ، جب انہوں نے توباس پر دھاوا بولا اور وہاں ایک مکان کا محاصرہ کیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ اس گھر میں ایک مطلوب شخص موجود تھا۔ حماس سے وابستہ القسام بریگیڈ نے کہا کہ ان کی اسرائیلی فورسز کے ساتھ اس وقت جھڑپ ہوئی جب وہ اس مطلوب شخص کے گھر کا محاصرہ کر رہے تھے۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ مطلوب فلسطینی اسرائیلی فورسز کے اس کے قریب پہنچنے کے فوراً بعد گھر سے نکل گیا۔

غزہ میں مستقل جنگ بندی کے لیے کام جاری:

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے تصدیق کی کہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی میں مزید دو دن کی توسیع انہی سابقہ ​​شرائط کے تحت عمل میں آئے گی، اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ قطری ثالثی پٹی میں طویل جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ الانصاری نے مزید کہا کہ معاہدے میں خواتین اور بچوں کو ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ چار دنوں میں رہا ہونے والوں کی کل تعداد غزہ میں 69 قیدیوں کی تھی جبکہ اسرائیلی جیلوں سے 150 فلسطینی قید تھے۔