اسرائیل نے غزہ پر قیادت ڈھادی، شہدا کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز
Image

غزہ: (سنو نیوز) اسرائیل نے غزہ پر قیادت ڈھادی، چودھویں روز بھی شدیدبمباری، مزید پانچ سو فلسطینی شہید، شہادتوں کی مجموعی تعدادچار ہزارسے تجاوز کرگئی، شہدامیں سیکڑوں بچے، خواتین اوربزرگ شامل،ہز اروں زخمیوں میں سےبیشترکی حالت نازک ہے۔

تفصیل کے مطابق غزہ میں شہداء کی تعداد چار ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ اقوام متحدہ نے غزہ کو جہنم کے گڑھے سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پورا شہر لاشوں اور ملبے کا ڈھیر بن گیا ہے۔ نہ پانی ہے، نہ خوراک اور نہ بجلی۔ آئندہ چند گھنٹے اہم ہیں۔ امدادی سامان کی ترسیل میں اسرائیل سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

حالیہ چوبیس گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری سے مزید پانچ سے سو زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ بچے ہسپتال میں پانی اور ادویات کی قلت کے باعث بلک رہے ہیں۔ خواتین اور بزرگ بھی پانی کی بوند بوند اور روٹی کے ایک ٹکڑے کو ترس گئے ہیں۔ دنیا کی سب سے بڑی جیل غزہ اس وقت شدید غذائی بحران کا شکار ہے، شہر ملبے اور لاشوں کی آماجگاہ بن چکا ہے۔

معصوم نہتے فلسطینیوں پراسرائیل کا ظلم وجبر جاری ہیں۔ صیہونی فوج راکٹوں اور میزائلوں سے خون کی ندیاں بہانے لگی ہیں۔ جنریٹرز کا ایندھن ختم ہونے سے ہسپتال بھی بند ہوگئے ہیں۔ سات اکتوبر سے اب تک چارہزارسےزائد شہادتیں ہوچکی ہیں۔

صیہونی فورسز نےچوبیس گھنٹوں کے دوران ایک ہسپتال اور پانچ بیکریوں پر حملہ کیا گیا۔ ادھر مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی مظالم کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے۔ نورشمس پناہ گزین کیمپ پر حملے میں تین بچوں سمیت گیارہ فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق رفح راہداری آج بھی بند رہے گی۔ امدادی ٹرک کل سے غزہ میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ حماس کو کسی صورت جیتنے نہیں دیا جائے گا۔ اس وقت تنظیم کی قید میں موجود امریکیوں کی رہائی ان کی اولین ترجیح ہے۔

ادھر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ انتونیو گوتریس نے اسرائیل سے انسانی بنیادوں پر غزہ میں جنگ روکنے، بغیر رکاوٹ امدادی سامان کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں غزہ میں اسرائیلی حملوں کی وجہ سے وبائی امراض پھوٹنے اور آلودگی بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب چین نے امن مذاکرات میں "مثبت کردار" ادا کرنے کی پیشکش کردی ہے۔ چین کے مشرق وسطیٰ کے سفیر ژائی جون نے روسی ہم منصب کو کہا کہ اسرائیل فلسطین معاملہ ٹھنڈا کرنے کے لیے روس کے ساتھ تعاون کو تیار ہیں۔ چینی سفیر نے مزید کہا کہ بیجنگ غزہ کی صورتحال پر غمزدہ ہے۔

برطانوی وزیراعظم رشی سوناک نے سعودی عرب کا دورہ کیا۔ اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں فلسطین اسرائیل کشیدگی پر گفتگو کی گئی۔ جبکہ جنگ بندی سمیت قیام امن کی کوششوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔