پاکستان اور ایران کا کشیدگی کم کرنے پر اتفاق
Image

اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ نے ٹیلی فونک رابطے میں دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ کشیدگی کو کم کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

تفصیل کے مطابق پاک ایران وزرائے خارجہ کا ایک دوسرے کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان کو پاکستان کے موقف سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان کے لیے ملکی سلامتی و خودمختاری کا دفاع سب سے اہم ہے۔ پاکستان کی سلامتی سےتعلق ریڈ لائینز واضح ہیں ۔ ایران پڑوسی اور برادر ملک ہے۔ معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔ دونوں وزراے خارجہ کے درمیان حالیہ کشیدگی کم کرنے پر اتفاق کیا۔

دوسری جانب ایران میں تعینات پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے ایرانی ہم منصب کی جانب سے کئے گئے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا تھا کہ پاکستان نے ہرمشکل صورتحال میں ایران کا ساتھ دیا ہے۔ اس وقت علاقائی ماحول پیچیدہ ہے۔ دونوں برادر ملکوں کے درمیان امن واستحکام، باہمی اعتماد اور تعاون اہم ہے۔ پاکستان ترقی، استحکام اور امن کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان نے پاکستان اور ایران کے درمیان مثبت میسجزکے تبادلوں کی تصدیق کی ہے۔ پاکستان ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ رحیم حیات قریشی نے اپنے ایرانی ہم منصب سید رسول موسوی کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ" پیارےبھائی رسول موسوی آپ کےجذبات کا جواب دیتا ہوں ۔دہشتگردی سمیت ہمارے مشترکہ چیلنجز کے لیے مربوط کارروائی کی ضرورت ہے۔ مثبت گفتگو سے تمام مسائل کو حل کرنے کیلئے آگے بڑھیں گے۔ پاکستان کے ایران کیساتھ برادرانہ تعلقات ہیں۔ جبکہ ایرانی سفارتکار نے کہا کہ آج مسلم دنیا کا اہم مسئلہ غزہ میں صیہونیوں کے جرائم بند کرنا ہے۔پاکستان اور ایران کے حکام اچھی طرح جانتے ہیں حالیہ کشیدگی اور تناؤ کا فائدہ دہشتگردوں اور دشمنوں کو ہوگا۔