الیکشن 2024ء: سیکیورٹی اہلکاروں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری
Image

اسلام آباد: (سنو نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024ء میں سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی اہلکار تمام پولنگ اسٹیشنز کے ڈیوٹی پر موجود ہوں گے اور پر امن ماحول کو یقینی بنائیں گے۔ ان پربیلٹ پیپرز کی بحفاظت نقل و حرکت کو پہنچانے کی ذمہ داری ہو گی۔ اہلکار صاف شفاف اور پر امن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔

ای سی پی نے کہا ہے کہ پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کیلئے الگ ضابطہ اخلاق جاری کیا جائے گا۔ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے دوران پرنٹنگ کارپوریشنز پرسیکیورٹی کیلئے اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔بیلٹ پیپرز کی ریٹرننگ افسران تک ترسیل پر بھی سیکیورٹی اہلکار تعینات ہونگے۔ ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے پولنگ اسٹیشنز تک بیلٹ پیپرز کی ترسیل بھی سیکیورٹی کی نگرانی میں ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/17/01/2024/latest/65055/

انتخابی مواد کی ترسیل، پولنگ، گنتی اور نتائج مرتب ہونے تک سیکیورٹی اہلکار تعینات ہونگے۔ پولنگ کے دوران پولنگ اسٹیشنز میں قیام امن کی ذمہ داری پریزائڈنگ افسر کی سربراہی میں اہلکاروں کی ہو گی۔ سیکیورٹی اہلکار انتخابی عمل کے دوران غیر جانبدار رہیں گے۔ سیکیورٹی اہلکار کسی جماعت یا امیدوار کے حق یا مخالفت میں کام نہیں کرے گا۔ اہلکار کسی ووٹر سے اس کی شناخت کا ثبوت نہیں مانگے گا۔ کسی ووٹر کے پولنگ اسٹیشن میں داخلے کے حق کو سلب نہیں کیا جا سکتا۔

ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی اہلکار کسی صورت پولنگ عملہ کے فرائض انجام نہیں دے سکتا۔ کوئی اہلکار انتخابی مواد کو اپنی تحویل میں نہیں لے سکتا۔ پریزائڈنگ افسر کی ہدایت کے بغیر اہلکار کسی شخص کو پولنگ اسٹیشنز سے گرفتار نہیں کر سکتا۔ اہلکار کسی بھی واقعہ پر پریزائڈنگ افسر کی ہدایت کے بغیر کارروائی نہیں کر سکتا۔سیکیورٹی اہلکار کسی امیدوار، پولنگ ایجنٹ، مبصر یا میڈیا سے بحث نہیں کرے گا۔