انڈیا میں بڑا حادثہ، بچوں سے بھری کشتی ڈوب گئی
Image

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) انڈیا میں ایک انتہائی افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں پکنک منانے گئے بچوں سے بھری کشتی الٹنے سے 14 ہلاک ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

انڈین میڈیا کے مطابق یہ واقعہ انڈین ریاست گجرات کے وڈودرا ضلع میں پیش آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ملاح نے کشتی میں گنجائش سے زیادہ بچوں کو بٹھایا ہوا تھا۔ جس کے باعث کشتی زیادہ وزن برداشت نہ کر سکی اور ڈوب گئی ۔

جھیل میں سیر کے لیے جانے والے بچوں کے وزن کے باعث کشتی اچانک الٹ گئی جس کے باعث متعدد بچے پانی میں ڈوب گئے۔ واقعے کے وقت کشتی میں 23 بچے اور استاد سوار تھے۔ جھیل میں ڈوبنے والے بچوں اور اساتذہ کو بچانے کے لیےامدادی ٹیموں کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔یہ بچے ایڈونچر ٹور پر ہرنی جھیل پہنچے تھے۔

معلومات کے مطابق نیو سن رائز اسکول کے گروپ میں کل 27 افراد تھے جن میں 23 طلبہ اور 4 اساتذہ شامل تھے۔ وہاں بچے جھیل کی سیر کے لیے کشتی میں سوار ہوئے۔ الزام ہے کہ جھیل میں کشتی چلانے والے ٹھیکیدار نے 27 بچوں کو کشتی میں بٹھایا جو کہ اس کی گنجائش سے کہیں زیادہ ہے۔ یہی نہیں، سنگین غفلت کی وجہ سے کسی بچے کو لائف جیکٹ نہیں دی گئی۔

اس کے بعد جیسے ہی کشتی جھیل پر پہنچی تو اپنے بھاری وزن کی وجہ سے ڈگمگانے لگی۔ اس سے بچے خوفزدہ ہو گئے اور شور مچانے لگے۔ اس افراتفری کے باعث کشتی مکمل طور پر اپنا توازن کھو بیٹھی اور وہ الٹ گئی۔

لائف جیکٹس نہ ہونے کی وجہ سے بچے اور اساتذہ ایک ایک کرکے ڈوبنے لگے۔ریسکیو ٹیموں نے 7 بچوں اور 3 اساتذہ کو بچا لیا ہے۔ جبکہ 10 بچے اور ایکٹیچر تاحال لاپتہ ہے۔ جس کی وجہ سے اس واقعے میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے جھیل میں پیش آنے والے اس حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایک پوسٹ لکھا، اس افسوسناک واقعے پرمجھے بہت دکھ ہوا ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ میں بچ جانے والے بچوں کی جلد صحت یابی کی امید کرتا ہوں۔ مقامی انتظامیہ تمام ضروری مدد فراہم کر رہی ہے۔