بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافر کی پٹائی، ویڈیو وائرل
Image

لکھنو: (ویب ڈیسک) ہندوستان کی ریاست اتر پردیش میں ایک ریلوے مسافر کی پٹائی کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد حکام نے TTE کو معطل کر دیا ہے۔

انڈین ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ اس قسم کی بدسلوکی کے لیے صفر رواداری ہے۔ اس واقعے میں ملوث ٹی ٹی ای کو معطل کر دیا گیا ہے۔ادھر ایکس پلیٹ فارم پر کارروائی کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے ریلوے حکام نے لکھا، "اس واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے، متعلقہ ٹی ٹی ای کو فوری اثر سے معطل کر دیا گیا ہے۔"

شمال مشرقی ریلوے نے اپنی پوسٹ میں معطلی کے حکم کی کاپی بھی جاری کی ہے، جس میں لکھا ہے کہ ٹی ٹی ای پرکاش لکھنؤ جنکشن سے منسلک ہیں۔ جمعرات کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹی ٹی ای ٹرین میں بیٹھے مسافر کو بے دردی سے پیٹ رہا ہے۔

اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ردعمل دیکھنے میں آیا اور لوگوں نے احتجاج کیا۔ لکھنؤ جنکشن کے ڈی آر ایم نے بھی کہا ہے کہ ٹی ٹی ای کو معطل کر دیا گیا ہے اور ان کے خلاف انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔