کوسٹ گارڈز کی کارروائی،بھاری مقدار میں چرس برآمد
Image

پسنی:(ویب ڈیسک) پاکستان کوسٹ گارڈزکی بلوچستان کے ضلع پسنی میں کارروائی، 1755کلو گرام چرس برآمد ۔

ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈزکے مطابق خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ پسنی سے بھاری مقدارمیں منشیات اسمگل ہونے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز نے متعلقہ کمانڈر کو اپنے علاقے میں چیکنگ مزیدسخت کرنے کے احکامات جاری کیے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز کے کمانڈرنے موبائل گشت پارٹیاں تشکیل دے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا اور دوران تلاشی پسنی کے علاقے کولانچ کے پہاڑوں میں چھپائی گئی 1755 کلو گرام چرس برآمد کر لی گئی۔

معلومات کے مطابق برآمد ہونے والی منشیات بیرون ملک اسمگل ہونا تھی، پکڑی جانے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت دو کروڑ 92 لاکھ 80 ہزار ڈالر کے لگ بھگ ہے۔

ڈائریکٹرجنرل پاکستان کوسٹ گارڈزنے جوانوں کی محنت اور اعلیٰ کارکردگی کو بےحد سراہا۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/13/01/2024/latest/64432/

دوسری جانب اے این ایف کا منشیات سمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، حکام نے 7 کارروائیوں میں 211 کلو منشیات برآمد کر کے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر شارجہ جانے والے مسافر سے 2.5 کلو چرس برآمد ہوئی، باچا خان ایئرپورٹ پر ابو ظہبی جانے والے مسافر کے پیٹ سے 5 چرس بھرے کیپسولز برآمد ہوئے، کوہی چوک خیبر کے قریب 200.4 کلو چرس برآمد ہوئی جبکہ دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ایئرپورٹ روڈ کوئٹہ کے قریب ملزم سے 6 کلو چرس برآمد، لیک ویو پارک اسلام آباد کے قریب ملزم سے 1.180 کلو چرس برآمد، کینٹ اسٹیشن کراچی کے قریب ملزم سے 900 گرام ویڈ برآمد، پاک افغان بارڈر چمن کے قریب ملزم سے 50 عدد ایکسٹیسی (نشہ آور) گولیاں برآمد ہوئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔