ڈالر کی قدر میں کمی
Image

کراچی: (سنو نیوز) انٹربینک میں امریکی ڈالر76 پیسے سستا ہو کر 287 روپے 38 پیسے پر بند ہوا۔ گذشتہ روز ڈالر 288 روپے 14 پیسے پر بند ہوا تھا۔

اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں کمی ہوئی ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے سستا ہونے کے بعد 289 روپے کا ہوگیا تھا۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران سرمایہ کار سرگر م رہے، 100 انڈیکس میں نئی بلند ترین سطح انڈیکس پہلی مرتبہ 57 ہزار کی نفسیاتی سطح عبور کرگیا، انڈیکس 415 پوائنٹس اضافے سے 57095 کی سطح پر پہنچ گیا۔

دوسری جانب نگران حکومت کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں۔ دو ہفتے جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد عالمی مالیاتی ادارے سے سٹال لیول معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے کے مطابق آئی ایم ایف کے ایگزیکٹوبورڈ کی منظوری سے پاکستان کو 70 کروڑ ڈالر ملیں گے۔

آئی ایم ایف نے اعلامیہ میں کہا کہ پاکستان میں معاشی بحالی کا عمل جاری ہے، حکومت نے بجٹ اہداف حاصل کرنے کیلئے اقدامات کیے ہیں۔

پاکستان نے آئی ایم ایف کو رواں مالی سال کے بجٹ اور مارکیٹ کی بنیاد پر ایکسچینج ریٹ پر عملدرآمد کی یقین دہانی کروا دی، تین ارب ڈالر کے سٹینڈ بائی ایگریمنٹ کی دوسری قسط کی حتمی منظوری آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ دسمبر میں دے گا۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 37 پیسے کمی آئی تھی، انٹربینک میں ڈالر 287 روپے 50 پیسے کا ہوگیا تھا، پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر تیزی کا رجحان رہا تھا ، 100 انڈیکس 180 پوائنٹس اضافے سے 56846 کی سطح پر ٹریڈ کررہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور آئی ایم ایف میں سٹاف لیول معاہدہ طے

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ امپورٹ بل اور دیگر ادائیگیوں کے سبب روپیہ دباؤ کا شکار ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 289 روپے پر مستحکم ہے، یورو 307 روپے پر برقرار ہے، برطانوی پاؤنڈ 356 روپے پر برقرار ہے، اماراتی درہم 10 پیسے اضافے سے 80 روپے پر آ گیا جبکہ سعودی ریال 20 پیسے اضافے سے 76 روپے 90 پیسے پر آ گیا۔

گذشتہ روز ڈالر 287 روپے 55 پیسے پر بند ہوا تھا، کرنسی مارکیٹ میں روپے کی بے قدری کا تسلسل جاری ہے، گذشتہ روز انٹربینک میں ڈالر مزید 52 پیسے مہنگا ہو کر دو سو ستاسی روپے پچپن پیسے پر بند ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت ایک روپیہ اضافے کے بعد 289 روپے پر جا پہنچی تھی۔

دوسے ممالک کی کرنسیوں میں یورو 307 روپے پر برقرار رہا، برطانوی پاؤنڈ 50 پیسے کمی سے 356 روپے پر آ گیا تھا، اماراتی درہم 20 پیسے کم ہو کر 80.30 روپے پر آ گیا تھا جبکہ سعودی ریال 30 پیسے اضافے سے 77 روپے کا ہوگیا تھا۔

دوسری جانب بینکوں کے ڈپازٹس اور سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ ہوا تھا، سالانہ اور ماہانہ بنیادوں پر بینکوں کے ڈپازٹس میں اضافہ ہوا، اکتوبر میں بینک ڈپازٹس 17.8 فیصد سالانہ اضافے سے 26.39 کھرب روپے پر پہنچ گئے۔

اکتوبر 2022 ء میں بینکوں کے ڈپازٹس 22.4 کھرب روپے رہے تھے، ماہانہ بنیادوں پر بینک ڈپازٹس میں 0.3 فیصد اضافہ رہا، ستمبر 2023 میں 26.31 کھرب روپے بینکوں میں ڈپازٹ ہوئے تھے۔

بینکوں کی سرمایہ میں بھی سالانہ 27.1 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا،اکتوبر 2023 میں 23.23 کھرب روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ۔