بلاول بھٹو کے اثاثوں میں اضافہ
Image

اسلام آباد:(سنونیوز)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے اثاثوں میں پانچ سال کے دوران 17کروڑ روپے کا اضافہ ۔بلاول بھٹو کے الیکشن کمیشن میں ظاہر کردہ اثاثوں کی تفصیلات سنو نیوز نے حاصل کر لیں۔

تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹونے 2018 میں ایک ارب 54کروڑ روپے کے اثاثے ظاہر کئے تھے ،8فروری کو ہونے والے الیکشن سے قبل بلاول بھٹو نے ایک ارب 71کروڑ روپے کے اثاثے ظاہر کئے ہیں۔پانچ سال میں چیرمین پاکستان پیپلز پارٹی کے اثاثوں کی مالیت 17کروڑ روپے بڑھ گئی ہے۔

بلاول بھٹو کے مالیت کے لحاظ سے بیشتر اثاثے بیرون ملک ہیں،بلاول بھٹو کے بیرون ملک اثاثوں کی مالیت ایک ارب 42کروڑ روپے ہے۔اندرون ملک اثاثوں کی مالیت صرف 29کروڑ 13 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔

بلاول بھٹو کے نام سانگھڑ ،شکار پور ،لاڑکانہ ،ٹنڈو الہ یار ،نواب شاہ اور کھپرو میں14 مختلف زرعی اراضی ہے۔بلاول بھٹو زرداری کے نام کراچی میں دو ،لاہورمیں ایک بنگلہ اور اسلام آباد میں 5 کمرشل پراپرٹی بھی ہے۔

زرعی اور کمرشل پراپرٹی کی قیمت میں پانچ سال کے دوران کوئی تبدیلی ظاہر نہیں کی گئی ہےبلاول بھٹو دبئ میں والدہ سے ملنے والے ولاز اور 150تولہ سونا ،قیمتی پتھر اور گھڑیوں کے بھی مالک ہے۔بلاول بھٹو نے دبئی کی کمپنیوں میں سرمایہ کاری بھی کی ہے،بلاول بھٹو نے 2023میں 22کروڑ روپے کی آمدن ظاہر کی ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نےایف بی آر کے گوشواروں میں قابل ٹیکس آمدن ایک کروڑ 69لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ سال 58لاکھ 85ہزار روپے انکم ٹیکس ادا کیا۔

دوسری جانب سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے اثاثوں میں گذشتہ پانچ برسوں کے دوران 27 کروڑ 72 لاکھ 55 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/16/01/2024/pakistan/64773/

سنو نیوز کے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے اثاثوں اور کاغذات نامزدگی کی تفصیلات حاصل کر لیں، سال 2018 میں سابق چئیرمین پی ٹی آئی کے اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ 86 لاکھ 94 ہزار روپے تھی، کاغذات نامزدگی کے مطابق 2023 میں اثاثوں کی مالیت 31 کروڑ59 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد ہے۔

سابق چیئر مین پی ٹی آئی نے زمان پارک لاہور میں 7 کنال 8 مرلے کا گھر وراثت میں ظاہر کیا ہے، زمان پارک کے گھر کی تعمیر پر 4 کروڑ 86 لاکھ روپے سے زائد کا خرچہ ظاہر کیا گیا ہے، بنی گالہ میں 300 کنال اراضی بطور تحفہ میں وصول ظاہر کی گئی ہے، بنی گالا گھر کی تزین و آرائش اور ریگولرائزیشن کی مد میں 39 لاکھ روپے سے زائد کا خرچ ظاہر کیا گیا۔

اسلام آباد کے علاقے مہرہ نور میں 50 لاکھ مالیت سے زائد کی 6 کنال 16 مرلے اراضی ظاہر کی گئی ہے، اسلام آباد کے شاپنگ پلازہ میں 12 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دکان بھی ظاہر کی گئی ہے، 3 کروڑ چالیس لاکھ روپے سے زائد مالیت کا دو کمروں کا فلیٹ بھی اسلام آباد کے پلازے میں ظاہر کیا گیا۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے بکھر میں وراثت میں ملی 188 کنال اراضی بھی کاغذات میں ظاہر کی ہے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کسی گاڑی کے مالک نہیں ہیں، سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس 3 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد کیش دستی موجود ہے، اسلام آباد کے مختلف بنک اکاونٹس میں 6 کروڑ روپے سے زائد کی رقم ظاہر کی گئی۔

دو لاکھ روپے کی چار بکریاں بھی تفصیلات میں بتائی گئی ہیں، توشہ خانہ سے خریدی گئی قیمتی اشیاء کی قیمت 1 کروڑ 18 لاکھ 77 ہزار سے زائد ظاہر کی گئی، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے اہلیہ بشری بی بی کے نام پاکپتن اور دیپالپور میں 698 کنال اراضی ظاہر کی ہے، بشری بی بی کے نام بنی گالا میں 3 کنال کا گھر بھی عمران خان کے کاغذات میں ظاہر کیا گیا۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے ایف بی آر کو 2021 میں 14 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد اثاثے ظاہر کئے ہیں، ایک سال کے دوران 2022 میں اثاثوں کی مالیت بڑھ کر 32 کروڑ روپے سے زائد ہو گئی، ایف بی آر سرٹیفکیٹ کے مطابق 2023 میں اثاثوں کی مالیت 31 کروڑ 59 لاکھ روپے ظاہر کی، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی تعلیمی قابلت پولیٹیکل سائنس میں بی اے ظاہر کی۔