قطر میں قید بھارتی بحریہ کے آٹھ سابق افسران رہا
Image

دوحہ: (ویب ڈیسک) قطر میں قید سابق بھارتی میرینز کو رہا کر دیا گیا ہے۔ انڈین وزارت خارجہ نے اس سلسلے میں ایک پریس ریلیز جاری کی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ان آٹھ میں سے سات بھی ہندوستان واپس آچکے ہیں۔ انڈیا نے کہا ہے کہ ہم قطر کے امیر کی طرف سے ان شہریوں کی رہائی اور انہیں وطن واپسی کی اجازت دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

ان آٹھ ہندوستانی شہریوں کی گرفتاری کا معاملہ دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی کشیدگی کو بڑھا رہا تھا۔ قطر نے اگست 2022 ء میں ان ہندوستانیوں کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ اس سے قبل بھارت نے ان کو دی گئی سزائے موت کے خلاف دوحہ میں اپیل بھی دائر کی تھی۔ اس کے بعدگذشتہ سال قطر نے ان ہندوستانی شہریوں کی سزائے موت میں کمی کی تھی۔

دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق کافی عرصے سے ایسے اشارے مل رہے تھے کہ قطر ان آٹھوں انڈینزکو رمضان یا عید سے پہلے رہا کر سکتا ہے۔ تاہم یہ اعلان وزیر اعظم نریندر مودی کے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دو روزہ دورے پر روانہ ہونے سے ایک دن قبل سامنے آیا ہے۔ اسی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تقریباً 750 ہندوستانی اب بھی قطر کی جیلوں میں بند ہیں۔

قطری حکومت نے سرکاری طور پر ان ہندوستانیوں کو حراست میں لینے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔ لیکن مقامی اور بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار ہندوستانیوں پر الزام ہے کہ انہوں نے دوحہ میں کام کرنے والے آبدوز کے منصوبے کے بارے میں حساس معلومات اسرائیل کے ساتھ شیئر کیں۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/28/12/2023/latest/61849/

جیل سے رہا ہونے والے یہ ہندوستانی دہرہ گلوبل ٹیکنالوجیز اینڈ کنسلٹنگ سروسز میں کام کرتےتھے۔ یہ کمپنی آبدوز پروگرام میں قطر نیوی کے لیے کام کر رہی تھی۔ اس پروگرام کا مقصد ہائی ٹیک اطالوی ٹیکنالوجی پر مبنی آبدوزوں کا حصول تھا جو ریڈار سے بچ سکیں۔

گذشتہ سال قطر نے کمپنی کو بند کرنے کا حکم دیا تھا اور اس کے تقریباً 70 ملازمین کو گذشتہ سال ہی مئی کے آخر تک ملک چھوڑنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ ان میں سے زیادہ تر ہندوستانی بحریہ کے سابق ملازمین تھے۔ جن ہندوستانیوں کو گرفتار کیا گیا ان میں کمانڈر (ریٹائرڈ) پورنیندو تیواری، کیپٹن (ر) نوتیج سنگھ گل، کمانڈر (ر) بیرندر کمار ورما، کیپٹن (ر) سوربھ واششتھا، کمانڈر (ر) سوگناکر پکالا، کمانڈر (ر) امیت ناگپال، کمانڈر (ر) سنجیو گپتا، اور سیلر راگیش شامل تھے۔

وزارت خارجہ نے ان ہندوستانیوں کی سزائے موت کو تبدیل کرنے پر ایک بیان جاری کیا تھا۔ اس میں کہا گیا تھا کہ، "ہم اس معاملے میں تفصیلی حکم کا انتظار کر رہے ہیں۔ ہم قانونی ٹیم اور اہل خانہ کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ اس بات پر غور کیا جا سکے کہ ہمارے اگلے اقدامات کیا ہوں گے۔ قطر میں ہمارے سفیر اور دیگر حکام اپیل کورٹ میں ہیں۔