معین الدین قریشی پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے صدر مقرر
Image
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بھانجے کو تحریک انصاف میں بڑا عہدہ مل گیا۔ معین الدین ریاض قریشی کو پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کا صدر مقرر کر دیا گیا ہے ، پی ٹی آئی نے معین ریاض قریشی کو جنوبی پنجاب کا صدر مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ معین ریاض قریشی کو دو سال قبل جنوبی پنجاب کا جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ عون عباس بپی کے تحریک انصاف چھوڑنے کے بعد جنوبی پنجاب کے صدر کا عہدہ خالی ہوا تھا۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کور کمیٹی نے انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف کیخلاف انتقامی حربوں میں تیزی اور سیاسی جماعتوں کیلئے انتخابات میں حصہ لینے کے ماحول اور مواقع (لیول پلیئنگ فیلڈ) میں شدید نوعیّت کے بگاڑ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دستور الیکشن کمیشن کو آزادانہ، منصفانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کا پابند، نگران حکومتوں کو الیکشن کمیشن کی معاونت کی ذمہ داری سونپتا ہے۔ کورکمیٹی تحریک انصاف نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ الیکشن کمیشن اور نگران حکومت اپنے حسّاس ترین فرائض کا احساس کریں اور جمہوریت کیخلاف سازشوں کا حصہ بننے کی بجائے اس کے بقا و تحفّظ کا فریضہ سرانجام دیں، ملک بھر میں تحریک انصاف کے کارکنان اور قائدین کی رہائشگاہوں پر غیرقانونی و غیرآئینی چھاپوں کا سلسلہ بلاتاخیر روکا جائے۔