صوبہ بھرمیں موبائل فون،انٹرنیٹ سروس معطل
Image

لاہور:(سنونیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری پر امن و امان کی بگڑتی صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے صوبے بھر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل ہونا شروع ہوگئ ہے.

تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں رینجرز طلب کرنے کے ساتھ ساتھ موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا مراسلہ بھی لکھا تھا۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم کے زیر صدارت صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی اجلاس میں رینجرز طلب کرنے اور موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا،

صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظراہم فیصلے کیے گئے ہیں.موبائل فون کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ سروس بھی بند کرنے کا فیصلہ ہونے کے بعد لاہور سمیت دیگر شہروں میں انڑنیٹ اور موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل ہونا شروع ہوگئی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد لاہور سمیت پورے ملک میں کارکنوں کی جانب سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور، اسلام آباد اور کراچی سمیت دیگر بڑے شہروں میں‌ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری پر بھرپور طریقے سے احتجاج کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے اہم سڑکیں بند کردینے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے.