ملک پر ایک ایسا کھلنڈرا مسلط کیا گیا، جسے کچھ پتا ہی نہیں تھا: نواز شریف
Image
لاہور: (سنو نیوز) نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک پر ایک ایسا کھلنڈرا مسلط کیا گیا، جسے کچھ پتا ہی نہیں تھا، ملک کا برا حال کر دیا، صرف زبانی کلامی ریاست مدینہ کی بات کرتے تھے لیکن اخلاقیات کا کچھ پتہ نہیں تھا۔ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے پارلیمانی بورڈ کےاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ پچھتر سال سے کھیل کھیلے جاتے رہے، عوام کو بہت تکالیف کا سامنا کرنا پڑا، قومی خزانے پر بہت بڑے ڈاکے ڈالے گئے، خواہش ہے پاکستان کو مشکل دور سے نکالوں اور دوبارہ ترقی کی راہ پرڈالوں، جب ملک کا 60 ارب کھا جاؤ گے تو بجلی مہنگی نہیں ہوگی تو کیا ہوگا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ اتار چڑھاؤ زندگی کا حصہ ہے، خوشی ہے بہت سال بعد آمنے سامنے آج ملاقات ہو رہی ہے، وقت اچھا بھی آیا اور کچھ کم اچھا بھی، خوشی ہے ڈی جی خان کے امیدواروں سے ملنے کا موقع ملا، 75 سالہ تاریخ میں بہت سے لوگوں کو تکالیف برداشت کرنا پڑیں، مسلم لیگ (ن) کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ بھی پڑھیں https://sunonews.tv/08/12/2023/pakistan/58435/ انہوں نے کہا کہ کچھ تکالیف کا ازالہ زندگی میں ہو جاتا ہے لیکن کچھ زخم عمر بھر نہیں بھرتے، تکالیف اور مشکلات کے باجود صبر کا دامن نہیں چھوڑا، سیاست میں آنے والے ملکی ترقی کا مشن لے کر آئیں، کوشش ہے پاکستان کو ترقی کی راہ پر دوبارہ ڈالا جائے۔ سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک پر ایک کھلنڈرا مسلط کیا گیا جسے معیشت کا کچھ پتہ نہیں تھا، خواہش ہے پاکستان کو مشکلات سے نکالا جائے، ریاست مدینہ صرف زبانی کلامی نہیں تھی، ریاست مدینہ میں کیا ہوتا ہے اس کا پتہ ہی نہیں، زبانی کلامی ریاست مدینہ کی بات کرتے تھے، سیاست چمکانے اور دوسروں کو نیچا دکھانے کی کوشش کر رہے تھے، ان کو اخلاقیات کا بھی کچھ پتہ نہیں تھا۔ لیگی قائد نے کہا کہ سب سے بڑا ڈاکہ 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل ہے، کرپشن اسکینڈل کا سب سے بڑا ثبوت بند لفافہ ہے، 190 ملین پاؤنڈ بہت بڑی ہیرا پھیری اور کرپشن ہے، ہم پر الزامات لگواتے ہیں کہ بیٹے سے تنخواہ نہیں لی، آپ نے ظلم ڈھایا لیکن ازالے میں کتنے سال لگ گئے، اس کھلنڈرے کو پتہ ہی نہیں تھا کہ کرنا کیا ہے، بدنصیبی ہے کہ 70سال سے کھیل کھیلا جا رہا ہے، آنکھوں پر پٹی باندھ کر بند لفافے کی منظوری لی گئی، قوم کو بتائیں کہ ملک میں ڈاکہ کس نے ڈالا؟۔