غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد 9000 سے تجاوز
Image

غزہ: (سنو نیوز) اسرائیل کے جنگی جنون نے غزہ میں انسانیت کو شرما دیا ۔ ہسپتالوں،سکولوں، عبادت گاہوں اور رہائشی عمارتوں پر بے دریغ بمباری، فلسطینی شہدا کی مجموعی تعداد 9 ہزارسے بڑھ گئی۔

تفصیل کے مطابق غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد 9000 سے تجاوز کر گئی۔ حماس کے زیر کنٹرول غزہ کے طبی حکام کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر کو جنگ کے آغاز سے اب تک غزہ کی پٹی میں 9,611 افراد شہید ہو چکے ہیں۔ اس تعداد میں 3,760 بچے شامل ہیں جبکہ 32 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

حزب اللہ نے اسرائیلی ڈرون مار گرایا:

لبنان کی حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں ایک اسرائیلی ڈرون کو "مار گرایا" ہے۔ لیکنن اسرائیل نے اس دعوے کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ ایک ہفتے میں یہ دوسرا موقع ہے جب حزب اللہ نے ایسا دعویٰ کیا ہے۔ اگرچہ اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل داغا گیا تاہم اسرائیلی ڈرون کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

53 اردنی باشندے عمان پہنچ گئے:

غزہ کی پٹی سے نکلنے والے 53 اردنی باشندے عمان پہنچ گئے ہیں۔ایک طیارہ 53 اردنی باشندوں کو لے کر مصر سے آنے والے مارکا ملٹری ہوائی اڈے پر پہنچا جنہیں کل غزہ کی پٹی سے رفح کراسنگ کے ذریعے مصر پہنچایا گیا تھا۔

بحرین نے اسرائیل سے اپنا سفیر واپس بلا لیا:

سلطنت بحرین نے جمعرات کو اسرائیل کے سفیر کی ملک سے روانگی، اسرائیل سے بحرین کے سفیر کی واپسی اور تل ابیب کے ساتھ اقتصادی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مغربی کنارے میں فائرنگ سے ایک اسرائیلی فوجی ہلاک:

فلسطینی ذرائع کے مطابق مغربی کنارے میں فائرنگ سے ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق، مغربی کنارے میں تلکرم کے قریب ایک اسرائیلی آباد کار کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جس کی عمر 30 سال تھی۔ لیکن اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ آج صبح ایک فوجی گولی لگنے سے مارا گیا ہے۔

جاپانی وزیر خارجہ اسرائیل، اردن اور مغربی کنارے کا دورہ:

جاپانی وزیر خارجہ نے جمعرات کو اس بات کی تصدیق کی کہ وہ اپنے فلسطینی ہم منصبوں سے اس خطے کے دورے کے دوران ملاقات کریں گی تاکہ فلسطینی عوام کی مدد کے لیے اپنے ملک کی تیاری کا اظہار کیا جا سکے۔ جاپانی وزیر کے دورے میں مغربی کنارے، اسرائیل اور اردن شامل ہیں۔

یہ دورہ دو دن تک جاری رہے گا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جاپان امید کرتا ہے کہ وہ اپنے فلسطینی ہم منصبوں کے ساتھ غزہ کی سنگین انسانی صورتحال پر بات چیت کرے گا۔ روانگی سے قبل جاپانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر حملے میں متعدد شہریوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے۔ غزہ میں دس جاپانی اپنے فلسطینی خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہیں مصر منتقل کیا گیا تھا اور صرف ایک جاپانی شہری غزہ میں رہ رہا ہے اور وہ وہیں رہنا چاہتا ہے۔

اسرائیلی فورسز کے مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپے اور گرفتاریاں:

اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپوں اور گرفتاریوں کی مہم شروع کر دی ہیں۔ آج جمعرات کو صبح سویرے اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے کئی شہروں میں رات کے وقت چھاپوں کا ایک نیا دور شروع کیا۔ فلسطینی اتھارٹی کے ہیڈ کوارٹر نابلس، جیریکو اور رام اللہ ان شہروں میں شامل تھے جن پر چھاپے مارے گئے۔

فلسطینی وفا نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ اسرائیلی فورسز نے نابلس میں 7 فلسطینیوں، جنین گورنری میں 6 دیگر، ہیبرون گورنری میں 10 فلسطینیوں کے علاوہ بیت لحم گورنری کے مختلف علاقوں سے 10 فلسطینیوں کو گرفتار کیا۔

اسرائیلی طیاروں کا جنوبی لبنان کے علاقوں پر حملہ:

اسرائیلی طیاروں نے رات کے وقت جنوبی لبنان کے علاقوں پر حملہ کیا۔ گذشتہ رات اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے قصبوں رامیح اور القزہ کے اطراف میں حملے کئے اور توپخانے نے المہ الشعب اور عیتہ الشعب کے قصبوں کے قریب کھلے علاقوں پر بھی متعدد گولے داغے۔

قومی خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ کل رات اور آج صبح تک مغربی اور وسطی سیکٹروں کے آسمان پر فلیئر بم گرائے گئے۔ رات کے وقت، اسرائیلی فوج نے دونوں ممالک کو الگ کرنے والی بلیو لائن کے مخالف سڑکوں پر گاڑیوں کے علاوہ دیہاتوں اور قصبوں کے اندر گاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ یہ حزب اللہ کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے کہ اس نے آدھی رات کے فوراً بعد ایک مسلح اسرائیلی ڈرون کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے مار گرایا۔