ورلڈ کپ:سری لنکا کو 302 رنز سے شکست، انڈیا سیمی فائنل میں پہنچ گیا
Image

ممبئی:(سنو نیوز) ورلڈ کپ 2023 ء میں بھارت نے سری لنکا کو 302 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر مسلسل ساتویں جیت اپنے نام کی ہے۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کو 358 رنز کا ہدف دیا تھا۔

اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم اس ورلڈ کپ 2023ءکے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 5، محمد سراج نے 3، جسپریت بمراہ اور رویندرا جدیجا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کی اننگز کا آغاز:

انڈیا اور سری لنکا کے درمیان میچ کا سکور بورڈ

سری لنکا کی اننگز کے آغاز میں جسپریت بمراہ نے پتھم نشانکا کو پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا اور محمد سراج نے بھی دیموتھ کرونارتنے کو اپنی پہلی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ سراج نے اسی اوور کی پانچویں گیند پر سدیرا سمارا وکرما کو بھی آؤٹ کیا۔ تینوں میں سے کوئی بھی بلے باز اپنا کھاتہ نہیں کھول سکا۔ اپنے اگلے ہی اوور میں سراج نے کپتان کوسل مینڈس کو بولڈ کیا اور سری لنکا کا چوتھا وکٹ لیا۔ سری لنکا نے اس وقت تک صرف تین رنز بنائے تھے جب اس کے چار بلے باز پویلین لوٹ گئے۔

محمد شامی کی طوفانی بائولنگ:

محمد شامی سری لنکا کیخلاف پانچ وکٹیں لینے کے بعد ہاتھ میں سفید گیند تھامے کھڑے ہیں

میچ کے 10ویں اوور میں کپتان روہت شرما نے گیند محمد شامی کو دے دی۔ شامی نے کپتان کو مایوس نہیں کیا اور لگاتار دو گیندوں پر دو وکٹیں حاصل کیں۔ شامی نے اپنے پہلے ہی اوور کی تیسری گیند پر چارتھ اسالنکا کو شکار بنایا۔ اس کے بعد اگلی گیند پر دوشن ہیمنتا کو پویلین بھیج دیا گیا۔ شامی نے اپنے دوسرے اوور میں دشمنتھا چمیرا کو بھی آؤٹ کیا۔ تیسرے اوور میں انہوں نے اینجلو میتھیوز کو بولڈ کیا۔ سری لنکا کی جانب سے سب سے زیادہ رنز اینجلو میتھیوز نے بنائے۔ انہوں نے 12 رنز بنائے۔

اس کے بعد محمد شامی نے کاسن راجیتھا کو شبمن گل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر میچ میں اپنی پانچویں وکٹ حاصل کی۔ سری لنکا کی آخری وکٹ رویندرا جدیجا نے حاصل کی۔ سری لنکا کی پوری ٹیم صرف 19.4 اوورز میں 55 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

India vs Srilanka Live Score Updates - Cricket World Cup 2023

سری لنکا کی ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بلے بازی کی دعوت:

انڈین کپتان روہت شرما کا بولڈ ہونے کا منظر

اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ شریاس آئر کی طوفانی اننگز اور ویرات اور گل کے درمیان 189 رنز کی شراکت کی بدولت بھارت نے سری لنکا کو جیت کے لیے 358 رنز کا ہدف دیا۔

کپتان روہت شرما نے بھارتی بیٹنگ کا آغاز چوکا لگا کر کیا لیکن اگلی ہی گیند پر دلشان مدھوشنکا نے انہیں اپنی ان سوئنگ گیند سے پویلین واپس لوٹا دیا۔ اس کے بعد شبمن گل اور ویرات کوہلی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ ان دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 189 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ہندوستان کو کافی مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔

پاور پلے:

ویرات کوہلی سری لنکا کے بائولر کو پل شارٹ لگا رہے ہیں ان کے سامنے شبمن گل کھڑے ہیں

بھارت نے پاور پلے کے پہلے دس اوورز میں ایک وکٹ پر 60 رنز بنائے۔ ہندوستان کا سکور 16ویں اوور میں 100 سے تجاوز کر گیا۔ ویرات کوہلی نے اپنی 70ویں ون ڈے نصف سنچری بنائی جبکہ شبمن گل نے اپنی 11ویں ون ڈے نصف سنچری مکمل کی۔ اس کے بعد دونوں اپنی اپنی سنچریوں کی طرف بڑھ رہے تھے جب میچ کے 30ویں اوور میں دونوں بلے بازوں کا دھیان بٹ گیا۔

سب سے پہلے، شبمن گل 92 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور ورلڈ کپ میں اپنی پہلی سنچری صرف آٹھ رنز سے بنانے سے محروم رہے، جب کہ چار گیندوں کے بعد ویرات بھی 88 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے ۔

شریاس ایر کی طوفانی اننگز:

شریاس ایر کور ڈرائیو پر شارٹ کھیل رہے ہیں

اس اوور میں پہلے شریاس ایر اور پھر کے ایل راہول پچ پر آئے۔ شریاس نے چند اوورز کے بعد اپنے بلے سے کمالات دکھانا شروع کر دیے۔ انہوں نے 34ویں، 35ویں اور 36ویں اوور میں چھکے لگا کر اپنے ارادوں کا اظہار کیا۔ کے ایل راہل بھی دوسرے سرے سے اسکور کر رہے تھے لیکن ان کی اننگز زیادہ دیر نہیں چل سکی۔ راہول 19 گیندوں پر 21 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

سوریہ کمار یادو نے پچ پر آکر تیز کھیلا لیکن 41 ویں اوور میں مدھوشنکا نے انہیں پویلین واپس بھیج دیا۔ سوریہ کمار یادیو 12 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ دوسرے سرے سے شریاس کے بلے سے مسلسل چوکے اور چھکے نکل رہے تھے۔ شریاس ایر نے صرف 36 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ تاہم شاندار اننگز کھیلنے کے باوجود شریاس سنچری سے محروم رہے۔ 47ویں اوور میں شریاس مسلسل دو گیندوں پر دو چھکے لگانے کے بعد مدھوشنکا کا پانچواں شکار بنے جو اس میچ میں سری لنکا کے سب سے کامیاب بولر تھے۔ شریاس نے 56 گیندوں میں چھ چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 82 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے رویندرا جدیجا کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کے لیے 57 رنز جوڑے۔

شریاس کے آؤٹ ہونے کے بعد شامی پچ پر آئے اور رویندرا جدیجا کے ساتھ مل کر ساتویں وکٹ کے لیے اہم 22 رنز جوڑے۔ دونوں آخری اوور میں رن آؤٹ ہوئے۔ شامی نے صرف دو رنز بنائے جبکہ جدیجا نے 24 گیندوں میں 33 رنز بنائے۔ ہندوستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔

دلشان مدھوشنکا کی پانچ وکٹیں:

دلشان مدھوشنکا انڈین کھلاڑی کو آئوٹ کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں

سری لنکا کے فاسٹ بولر دلشان مدھوشنکا نے اپنی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ہندوستان کے ابتدائی بلے بازوں اور ویرات کوہلی دونوں کی اہم وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے ساتھ مدھوشنکا نے اس ورلڈ کپ میں 17 وکٹیں مکمل کیں۔اور ورلڈ کپ 2023 ء میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی، جنوبی افریقا کے مارکو جانسن اور آسٹریلیا کے ایڈم زمپا کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ان تینوں گیند بازوں نے اب تک ایک جیسی 16 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

404 - Page not found

The page you are looking for might have been removed had its name changed or is temporarily unavailable.

Go To Homepage