پیٹرولیم مصنوعات کی ماہانہ وار کھپت میں معمولی اضافہ
Image
کراچی: (سنو نیوز) ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی ماہانہ وار کھپت میں معمولی اضافہ سامنے آیا ہے۔ مارچ میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر اضافہ دیکھا گیا۔ مارچ میں ماہانہ بنیادوں پر 3 فیصد اضافے سے 1.15 ملین ٹن رہیں۔ فروی میں 1.12 ملین ٹن کی فروخت رہی تھی۔ گذشتہ سال مارچ کے مقابلے پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 4 فیصد بہتری رہی۔ مارچ 2023 میں 1.11 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت رہی تھی۔ مالی سال کے 9 ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 11 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ جولائی سے مارچ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت 11.34 ملین ٹن رہی۔ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت 12.80 ملین ٹن رہی تھی۔ یہ بھی پڑھیں https://sunonews.tv/02/04/2024/pakistan/75355/ یاد رہے گزشتہ روز پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 66 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔ وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ متفرق درخواست شہری منیر احمد نے دائر کی جس میں وفاقی حکومت، وفاقی وزارت پیٹرولیم اور اوگرا کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ موجودہ حکومت عوام پر پیٹرول بم گرا رہی ہے، وفاقی حکومت کو عوامی مشکلات میں اضافے کا کوئی استحقاق حاصل نہیں ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ عوامی حقوق کو ختم کرنے کے مترادف ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ شہری کی جانب سے دائر درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ عدالت پیٹرولیم مصنوعات کی قمیتوں میں حالیہ اضافہ کالعدم قرار دے۔