حکام کا کہنا ہے کہ ان کمپنیوں کی جانب سے زائرین کو ایسی رہائش فراہم کی جارہی تھی جو حکومت سے منظور شدہ یا لائسنس یافتہ نہیں تھی، جس سے نہ صرف زائرین کے حقوق متاثر ہوئے بلکہ ان کی جان و مال کو بھی خطرات لاحق ہوسکتے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے واضح کیا کہ ان خلاف ورزیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، یہ اقدامات عازمین کی سلامتی، سہولت اور معیارِ زندگی کے خلاف ہیں۔
حکام نے مزید بتایا کہ ان کمپنیوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور طے شدہ سزاؤں پر عمل درآمد بھی جلد یقینی بنایا جائے گا۔
وزارت نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی کمپنی یا ادارہ اگر معاہدوں کی پاسداری میں ناکام رہا، یا حجاج و عمرہ زائرین کی حفاظت میں غفلت برتی تو اس کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:کویت جانے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خوشخبری
انتظامیہ کی جانب سے اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ عازمینِ عمرہ کو ان کے تمام حقوق اعلیٰ ترین معیار کے مطابق فراہم کیے جائیں گے۔ انہیں محفوظ اور آرام دہ ماحول مہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ وہ خدا کے مہمان ہیں اور بہترین خدمات کے حق دار ہیں۔
وزارتِ حج و عمرہ نے تمام عمرہ آپریٹرز کو سخت ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ منظور شدہ سرکاری ضوابط کی مکمل پابندی کریں اور زائرین کو وعدے کے مطابق خدمات بروقت اور معیاری انداز میں فراہم کریں۔