امریکی صدر ٹرمپ کو دھچکا، ظہران ممدانی نیویارک کے میئر منتخب
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ مسلم امیدوار ظہران ممدانی نیویارک سٹی کے میئر منتخب ہوگئے
مسلم امیدوار ظہران ممدانی نیویارک سٹی کے میئر منتخب ہوگئے/ فائل فوٹو
نیویارک: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ مسلم امیدوار ظہران ممدانی نیویارک سٹی کے میئر منتخب ہوگئے۔

خبر ایجنسی کے مطابق ظہران ممدانی نے 4 لاکھ 86 ہزار 741 جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار نیڈریو کومو نے 3 لاکھ 96 ہزار 177 ووٹ لئے، ری پبلکن کے کرٹس سلوا صرف 79 ہزار 281 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: چین نے 45 ممالک کے لیے ویزا فری داخلے کی مدت میں توسیع کردی

ظہران ممدانی کا مقابلہ نیویارک کے سابق گورنر اور آزاد امیدوار اینڈریو کومو اور ری پبلکن حریف کرٹس سلوا سے تھا، نیویارک میئر کے الیکشن میں نئی تاریخ رقم ہوگئی جہاں 2001ء کے بعد میئر کے انتخابات میں سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا۔

پولنگ سٹیشنز پر شہریوں کی بڑی تعداد موجود رہی، 17 لاکھ سے زائد ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایلون مسک کی جانب سے مخالفت کے باوجود مسلم امیدوار ظہران ممدانی پہلی بار نیویارک شہر کے میئر منتخب ہوگئے۔

واضح رہے کہ امریکا کی تمام 50 ریاستوں میں مقامی و ریاستی انتخابات کے لیے بھی ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے، ریاست ورجینیا میں گورنر اور لیفٹینینٹ گورنر کے لئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق نیوجرسی میں گورنر کے انتخاب میں ڈیموکریٹ امیدوار میکی شیرل کو معمولی برتری حاصل ہے۔