غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ کافی عرصے سے دل کے عارضے اور نمونیا میں مبتلا تھے، گزشتہ رات ان کی حالت مزید بگڑنے کے باعث وہ دنیا سے رخصت ہو گئے۔
ذہن نشین رہے کہ ڈک چینی نے 2001 سے 2009 تک صدر جارج ڈبلیو بش کے دورِ صدارت میں نائب صدر کے طور پر خدمات انجام دیں۔
انہیں امریکا کی حالیہ سیاسی تاریخ کی متنازع ترین شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے، خاص طور پر 2003 میں عراق پر امریکی حملے کی بھرپور حمایت کے باعث وہ عالمی سطح پر تنقید کی زد میں رہے۔
ان کے اہلِ خانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈک چینی ایک عظیم، محبِ وطن اور اچھے انسان تھے، جنہوں نے اپنی اولاد اور پوتے پوتیوں کو بہادری، عزت اور وطن سے محبت کا سبق دیا۔
یہ بھی پڑھیں:شمالی کوریا کے سابق علامتی سربراہ مملکت 97 برس کی عمر میں چل بسے
سابق صدر جارج ڈبلیو بش نے بھی اپنے دیرینہ ساتھی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈک چینی کا جانا امریکا کیلئے ایک بڑا نقصان ہے، وہ نہ صرف میرے قابلِ اعتماد ساتھی بلکہ ایک قریبی دوست بھی تھے۔
ڈک چینی نے 1970 کی دہائی میں صدر جیرالڈ فورڈ کے وائٹ ہاؤس چیف آف اسٹاف کے طور پر خدمات انجام دیں، بعد ازاں وہ 10 سال تک ایوانِ نمائندگان کے رکن اور 1989 میں وزیرِ دفاع بھی رہے۔