بنگلادیش: سابق چیف جسٹس اے بی ایم خیر الحق گرفتار
بنگلادیش میں شیخ مجیب الرحمان قتل کیس سمیت اہم مقدمات کا فیصلہ سنانے والے سابق چیف جسٹس اے بی ایم خیرالحق کو گرفتار کرلیا گیا۔
فائل فوٹو
ڈھاکہ: (سنو نیوز) بنگلادیش میں شیخ مجیب الرحمان قتل کیس سمیت اہم مقدمات کا فیصلہ سنانے والے سابق چیف جسٹس اے بی ایم خیرالحق کو گرفتار کرلیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈھاکہ میٹرو پولیٹن پولیس نے آج صبح سابق چیف جسٹس اے بی ایم خیرالحق کو ڈھاکہ کے علاقے دھان منڈی میں واقع گھر سے گرفتار کیا، سابق چیف جسٹس کو منٹو روڈ پر ڈی بی ہیڈکوارٹرز منتقل کر دیا گیا جہاں ان سے تفتیش جاری ہے۔

بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق سابق چیف جسٹس کے خلاف متعدد مقدمات درج تھے، جن کی تفتیش کے لیے آج صبح انہیں ڈھاکہ پولیس کی جانب سے حراست میں لیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اے بی ایم خیرالحق 2010 میں ملک کے 19ویں چیف جسٹس کے طور پر تعینات ہوئے تھے تاہم اگلے ہی برس 67 سال کی عمر ریٹائرمنٹ کی عمر کی حد کو پہنچنے پر عہدے سے سبکدوش ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ویتنام میں پیٹرول پر چلنے والی موٹرسائیکلوں پر پابندی

بنگلا دیشی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریٹائرمنٹ کے بعد 2013 میں انہیں لا ء کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا بعدازاں انہیں متعدد بار اسی عہدے پر حکومت کی جانب سے تعینات کیا گیا، تاہم گزشتہ برس 5 اگست کو عوامی لیگ کی حکومت کے خاتمے کے بعد وہ 13 اگست کو اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق بطور چیف جسٹس آف بنگلا دیش انہوں نے اپنی عدالتی مدت کے دوران کئی اہم کیسز کے فیصلے سنائے، جن میں سب سے نمایاں نگران حکومت کے نظام کو ختم کرنے کا تاریخی فیصلہ تھا۔

سابق چیف جسٹس نے شیخ مجیب الرحمان قتل کیس، آئین کی پانچویں ترمیم کے مقدمے اور دارالحکومت کے آس پاس دریاؤں کے تحفظ سے متعلق کیس کے بھی فیصلے سنائے تھے۔