روسی مسافر طیارہ گر کر تباہ، تمام 49 افراد ہلاک
روس میں افسوسناک فضائی حادثے کے دوران مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 49 افراد ہلاک ہو گئے
طیارے حادثے کا المناک واقعہ چین اور روس کی سرحد کے قریب واقع امور ریجن میں پیش آیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) روس میں افسوسناک فضائی حادثے کے دوران مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 49 افراد ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ المناک واقعہ چین اور روس کی سرحد کے قریب واقع امور ریجن میں پیش آیا، جہاں طیارہ اچانک ریڈار سے غائب ہو گیا تھا۔ تباہ ہونے والا طیارہ روسی ایئر لائن "انگارا" (Angara Airlines) کا تھا، جس میں 43 مسافر اور عملے کے 6 افراد سوار تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں 5 بچے بھی شامل تھے۔ طیارہ معمول کی پرواز پر تھا جب وہ اچانک لاپتہ ہو گیا، بعد ازاں اس کا ملبہ امور ریجن کے ایک دور دراز پہاڑی علاقے سے ملا۔

یہ بھی پڑھیں:  پیٹرول پر چلنے والی موٹرسائیکلوں پر پابندی

ریسکیو ٹیموں نے خراب موسم اور دشوار گزار علاقے کے باوجود جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں، لیکن بدقسمتی سے کسی بھی شخص کے زندہ بچنے کی اطلاع نہیں ملی۔ روسی حکام اور فضائی تحقیقاتی ادارے اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر چکے ہیں۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق طیارے کے تکنیکی نظام میں خرابی یا خراب موسم اس حادثے کا سبب ہو سکتا ہے، تاہم حتمی معلومات تحقیقات کے مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔