
متعدد مواقعوں پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرنے والے رچرڈ گرینل نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر عمران خان کے بیٹوں کے ساتھ لی گئی ایک تصویر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کیلیفورنیا میں خوش آمدید میرے دوستو، آج آپ لوگوں کے ساتھ وقت گزار کر بہت اچھا لگا۔
رچرڈ گرینل نے مزید لکھا کہ دنیا بھر میں کروڑوں لوگ سیاسی انتقامی کارروائیوں سے تنگ آ چکے ہیں آپ اکیلے نہیں ہیں، آپ کو مضبوط رہنا ہوگا ۔
اس کے ساتھ ہی رچرڈ نے ایک بار پھر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ’فری عمران خان‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
Welcome to California, my friends.
— Richard Grenell (@RichardGrenell) July 22, 2025
I loved hanging out with you today.
Sulaiman and @Kasim_Khan_1999, you must stay strong.
There are millions of people around the world who are sick of political prosecutions.
You are not alone. #freeimrankhan pic.twitter.com/TOAOjrEiM1
سوشل میڈیا پر عمران خان کے بیٹوں کی یہ تصویر وائرل ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے کئی رہنما اور حامی صارفین رچرڈ گرینل کا شکریہ ادا کرتے دکھائی دیے اور عمران خان کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 5 اگست کو ملک گیر احتجاج کی کال دے رکھی ہے، اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بیٹے قاسم اور سلمان پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک کا حصہ بنیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کا امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات کا عندیہ
عمران خان کے بیٹوں کی احتجاجی تحریک میں شمولیت کے حوالے سے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر عمران خان کے بیٹے پاکستان آ کر احتجاجی تحریک میں شریک ہوئے تو انہیں گرفتار کیا جائے گا، پھر برطانیہ کی ایمبیسی ہی انہیں بازیاب کرائے گی۔
رانا ثناءاللہ کے اس بیان پر عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایسا کسی جمہوریت یا فعال ریاست میں نہیں ہوتا، یہ سیاست نہیں ہے، یہ ذاتی انتقام ہے۔