نیویارک، نیوجرسی شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثر
New York flood
فائیل فوٹو
(ویب ڈیسک): امریکہ کے مختلف علاقوں، خصوصاً نیو یارک اور نیو جرسی میں شدید گرج چمک اور طوفانی بارشوں نے معمولاتِ زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیو یارک شہر میں لگاتار بارشوں نے سڑکوں اور گلیوں کو جھیلوں میں تبدیل کر دیا ہے جس سے شہر کے بڑے حصے زیرِ آب آ گئے۔

شہر بھر کے سب وے اسٹیشنز پانی میں ڈوب گئے اور پانی ٹرینوں اور پلیٹ فارمز کے اندر داخل ہو گیا جس کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ نظام معطل ہو کر رہ گیا۔ بسوں اور سب وے کی سروسز میں شدید تاخیر دیکھی گئی کیونکہ حکام بحران پر قابو پانے کی کوشش کرتے رہے۔

مزید برآں ویسٹ چیسٹر کاؤنٹی اور نیویارک کی اہم شاہراہوں جیسے Saw Mill River Parkway (نارتھ باؤنڈ سیکشن) اور Cross Bronx Expressway کے کچھ حصے درخت گرنے اور سیلاب کے باعث عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ نیو جرسی میں شدید بارش اور بڑھتے ہوئے سیلابی پانی کے پیشِ نظر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جس کے تحت فوری ردعمل کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹیکساس: سیلاب نے تباہی مچا دی، 82 افراد ہلاک، متعدد لاپتا

خراب موسم کے باعث ہوائی سفر بھی متاثر ہوا ہے۔ نیویارک و نیو جرسی کے بڑے ہوائی اڈوں پر درجنوں پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔

ادھر ٹیکساس میں صورتحال نہایت سنگین ہو چکی ہے۔ اچانک آنے والے سیلاب نے تباہی مچا دی۔ اب تک کم از کم 170 افراد لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے۔ ریسکیو آپریشنز جاری ہیں اور ہنگامی سروسز متاثرہ افراد کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔

یاد رہے کہ حکام کی شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ گھروں میں رہیں، زیرِ آب علاقوں سے دور رہیں اور ہنگامی ہدایات پر سختی سے عمل کریں کیونکہ آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔