صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لے لیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں نیوکلیئر سائٹس کے حوالے سے امریکی خبروں کو جعلی قرار دیتے ہوئے میڈیا کو آڑے ہاتھوں لے لیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں نیوکلیئر سائٹس کے حوالے سے امریکی خبروں کو جعلی قرار دیتے ہوئے میڈیا کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

تفصیلات کے مطاببق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ ایران میں نیوکلیئر سائٹس مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی این این اور نیویارک ٹائمز دونوں مل کر تاریخ کے کامیاب ترین فوجی حملے کو ناکام قرار دینے کی کوشش میں شامل ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ سی این این (CNN) اور نیویارک ٹائمز کے میڈیا اداروں کو عوام کی طرف سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

یاد رہے امریکی انٹیلی جنس نے اپنے ابتدائی تجزیے میں کہا ہے کہ ایران پر حملوں سے جوہری تنصیبات مکمل طور پر تباہ نہیں ہوئیں، امریکی حملوں سے بنیادی مواد تباہ بھی نہیں ہوا۔ امریکی خبر رساں اداروں نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ یہ بات ابتدائی امریکی انٹیلی جنس جائزے میں سامنے آئی ہے۔

انٹیلی جنس تجزیے میں بتایا گیا ہے کہ ایران کی تین جوہری تنصیبات پر حملوں سے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر تباہ نہیں کیا جاسکا لیکن اسے کچھ مہینوں کے لیے پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی ٹیم اس رپورٹ کو غلط اور گمراہ کن قرار دے رہی ہے اور مؤقف اختیار کر رہی ہے کہ تینوں جوہری تنصیبات نطنز، اصفہان اور فردو مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ہیں۔ اس معاملے پر امریکی انتظامیہ اور انٹیلی جنس اداروں کے درمیان بیانیے کا تضاد واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔