اسرائیل ایران پربم مت گرانا: امریکی صدر ٹرمپ کی تنبیہ
 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کو تنبیہ کی ہے کہ اب ایران پر بم مت گرانا۔
فائل فوٹو
واشنگٹن: (سنو نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کو تنبیہ کی ہے کہ اب ایران پر بم مت گرانا۔

سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگراسرائیل نے بم برسائے تو یہ سیز فائرکی سنگین خلاف ورزی ہوگی، اپنے پائلٹس کو فوری واپس بلاؤ۔

ایک اور پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کبھی بھی اپنی جوہری تنصیبات کو دوبارہ تعمیر نہیں کرے گا ، اسرائیل ایران پر حملہ نہیں کرے گا، ایران کے لیے دوستانہ "پلین ویو" کرتے ہوئے تمام طیارے مڑ کر گھر کی طرف روانہ ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی کو نقصان نہیں پہنچے گا، جنگ بندی نافذ ہے، اس معاملے پر آپ کی توجہ کا شکریہ۔

قبل ازیں نیٹو سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے روانگی سے قبل میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل اور ایران دونوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، دونوں نے اس جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جس کا انہوں نے چند گھنٹے قبل اعلان کیا تھا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ سیز فائر کی خلاف ورزی پر اسرائیل سے خوش نہیں ہوں،معاہدے پر رضامندی کے فوراً بعد اسرائیل نے ان لوڈ کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران اور اسرائیل میں جنگ بندی پر عملدرآمد کا آغاز

ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ایران کی جوہری صلاحیت ختم ہو چکی ہے اور وہ کبھی بھی اپنے جوہری پروگرام کو دوبارہ نہیں بنائے گا۔

خیال رہے کہ آج اسرائیل اور ایران کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بجے جنگ معاہدے پر عملدرآمد شروع ہوا تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور سیز فائر کا اعلان کرتے ہوئے کہا مہربانی کر کے اب سیز فائر کی خلاف ورزی نہ کی جائے، دنیا کو مبارک ہو، یہ جنگ مشرق وسطیٰ کو تباہ کرسکتی تھی۔

صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو مبارکباد دینا چاہوں گا کہ انہوں نے جنگ کو ختم کرنے کے لیے ہمت اور ذہانت کا مظاہرہ کیا۔