امریکی تہوار 'تھینکس گیونگ' کیسے منایا جاتا ہے؟
American festival 'Thanksgiving': What is it and how is it celebrated?
واشنگٹن :(ویب ڈیسک)تھینکس گیونگ امریکا میں ہر سال نومبر کی چوتھی جمعرات کو منایا جانے والا ایک اہم تہوار ہے۔
 
یہ دن اہل خانہ اور قریبی عزیزوں کے ساتھ وقت گزارنے، دعوتوں کا اہتمام کرنے اور خوشیوں کا تبادلہ کرنے کے لیے مشہور ہے۔ 
 
اس تہوار پر لوگ لمبے سفر کرکے اپنے پیاروں کے پاس پہنچتے ہیں اور عموماً ایک ساتھ چار دن کی چھٹیاں گزارتے ہیں۔
 
تاریخی پس منظر اور ابتداء:
 
تھینکس گیونگ کی تاریخ امریکی ثقافت سے جڑی ہوئی ہے۔ 1621 ء میں برطانوی تارکین وطن نے امریکا میں مقامی باشندوں کے ساتھ مل کر کھیتی باڑی کی کامیابی پر ایک تقریب منائی تھی۔
 
 بعد ازاں، 1863ء  میں صدر ابراہم لنکن نے نومبر کی آخری جمعرات کو قومی تہوار کے طور پر منانے کا اعلان کیا۔ 1942 ء میں کانگریس نے اس دن کو نومبر کی چوتھی جمعرات کے طور پر طے کیا۔
 
خاندانی اجتماع اور سفر کی روایت:
 
یہ تہوار خاندانی میل جول کے لیے مشہور ہے۔ امریکن آٹوموبائل ایسوسی ایشن کے مطابق، ہر سال کروڑوں لوگ اس موقع پر سفر کرتے ہیں۔ اس سال تقریباً آٹھ کروڑ افراد کے سفر کرنے کی توقع ہے، جو ٹریفک کے مسائل اور پروازوں میں تاخیر کا باعث بھی بنتا ہے۔
 
تعطیلات کے موسم کا آغاز:
 
تھینکس گیونگ کے بعد کرسمس کی تیاریوں کا آغاز ہو جاتا ہے۔ خریداری کے لیے مشہور ’بلیک فرائیڈے‘ بھی اسی دن کے بعد آتا ہے، جب امریکی بڑی تعداد میں مارکیٹس کا رخ کرتے ہیں۔ اس دوران شہروں میں پریڈز اور ٹی وی شوز بھی لوگوں کی دلچسپی کا مرکز بنتے ہیں۔
 
ٹرکی: تہوار کی خاص علامت
 
تھینکس گیونگ کے کھانے میں بھنی ہوئی ٹرکی مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ یہ بڑی دعوتوں کے لیے موزوں ہے کیونکہ اس میں گوشت کی مقدار زیادہ ہوتی ہے اور یہ نسبتاً سستا بھی ہوتا ہے۔
 
 ایک تاریخی ناول کی منظر کشی نے ٹرکی کو اس تہوار کی روایت کا حصہ بنایا، اور آج یہ ہر دسترخوان کا لازمی جز ہے۔
 
صدر کی ٹرکی معافی کی روایت:
 
ہر سال وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ایک تقریب میں ٹرکی کو معاف کر کے اسے آزاد کرنے کی روایت نبھاتے ہیں۔ یہ رسم تہوار کی خوشیوں میں ایک منفرد پہلو کا اضافہ کرتی ہے اور کئی دہائیوں سے امریکی ثقافت کا حصہ ہے۔
 
خدمت خلق کا جذبہ:
 
اس دن رضا کار غریبوں میں کھانا اور تحائف تقسیم کرتے ہیں، جس سے سماجی ہم آہنگی کا اظہار ہوتا ہے۔ اس جذبے کے تحت مختلف کمیونٹیز یکجہتی کا مظاہرہ کرتی ہیں اور ضرورت مندوں کی مدد کرتی ہیں۔
 
تھینکس گیونگ نا صرف امریکی ثقافت کا آئینہ دار ہے بلکہ اس کے ذریعے خاندانی اقدار اور خوشیوں کو منانے کا موقع بھی فراہم ہوتا ہے۔