حزب اللہ کا اسرائیلی فوجی اڈے پر ڈرون حملہ، 4 ہلاک، 60 زخمی
Lebanese organization Hezbollah
بیروت: (ویب ڈیسک) لبنانی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل کے تیسرے بڑے شہر حیفہ کے قریب بنیامینا کے علاقے میں فوجی اڈے پر ڈرون حملے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 60 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری بیان میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ حزب اللہ کی جانب سے شمالی اسرائیل میں بنیامینا فوجی اڈے پر ڈرون حملہ کیا گیا جس میں 4 فوجی ہلاک ہوگئے۔

اسرائیل کی جانب سے لبنان میں 23 ستمبر کے بعد فوجی حملے تیز کرنے کے بعد حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کے تیسرے بڑے شہر حیفہ کے قریب بنیامینا کے علاقے میں کیا جانے والا یہ سب سے بڑا حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کے اس حملے میں 60 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں زیادہ تر کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شمالی اسرائیل میں کیے جانے والا یہ حملہ چند روز قبل اسرائیل کی جانب سے بیروت میں کیے گئے حملے کا جواب ہے۔ انہوں نے خبردار کیا اگر اسرائیل نے اپنی جارحیت نہیں روکی تو وہ اس سے بھی زیادہ خطرناک حملے کرے گا۔