مانچسٹر ایئرپورٹ: برطانوی پولیس کا پاکستانی نژاد خاندان پر تشدد
Image
مانچسٹر: (ویب ڈیسک) برطانیہ کے مانچسٹر ایئرپورٹ پر مسلح پولیس آفیسر کی جانب سے ایک شخص کو نیچے لٹا کر مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی جانے والی فوٹیجز میں پولیس آفیسر کو اپنی گن مذکورہ شخص پر تانے دیکھا جاسکتا ہے جس کے بعد وہ اس شخص کو ٹھڈے مار رہا ہے۔

اس کے بعد پولیس آفیسر اپنی گن ایک اور شخص پر تان رہا ہے، پھر ان کو نیچے زمین پر گراتا ہے اور ان کے سر پر ٹھڈے مار رہا ہے۔

سابق کراؤن چیف پراسکیوٹر نذیر افضل نے ایکس پر لکھا کہ اس پولیس آفیسر کے اقدامات کا کوئی جواز نہیں تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔

گریٹر مانچسٹر پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں پولیس آفیسر کے طرز عمل پر خدشات کے بارے میں آگاہ ہیں اور پروفیشنل سٹینڈرڈ کا ڈائریکٹوریٹ اس معاملے کی جانچ کر رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے اس وقت ہوا جب مانچسٹر ایئرپورٹ کے ٹرمینل ٹو پر جھگڑے کے واقعے کے بعد پولیس کو بلایا گیا، واقعے میں ایک خاتون پولیس آفیسر کا ناک توڑا گیا جب کہ دیگر دو آفیسر پر تشدد کیا گیا، پولیس افسران کو ہسپتال لے جایا گیا۔

ترجمان پولیس کا مزید کہنا تھا کہ چونکہ آفیسر مسلح تھے اس لیے یہ خطرہ موجود تھا کہ جھگڑے کے دوران ان کا اسلحہ ان سے چھینا جاتا، جائے وقوعہ سے چار افراد کو پولیس پر تشدد کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔

آفیسر فار پولیس کنڈکٹ‘ کا کہنا ہے کہ اسے مذکورہ ویڈیو کا پتہ ہے اور اس نے جی ایم پی سے اس حوالے سے انکوائری کے لیے رابطہ کیا ہے۔ پولیس نے ابھی تک اس واقعے کو انکوائری کے لیے اسے ریفر نہیں کیا ہے۔