ایتھوپیا میں لینڈ سلائیڈنگ ، 229 لاشیں نکال لی گئیں
Image
ادیس ابابا:(ویب ڈیسک)ایتھوپیا کے پہاڑی علاقے گوفا میں شدید بارشوں کے بعد اتوار کی شام اور پیر کی صبح لینڈ سلائیڈنگ کے دو واقعات پیش آئے۔
 
ایک مقامی اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ امدادی ٹیموں نے اب تک جنوبی ایتھوپیا میں دو مٹی کے تودے گرنے سے ہلاک ہونے والے 229 افراد کی لاشیں نکال لی ہیں۔
 
گوفا کے علاقے کے منتظم دگماوی آئیلے نے بی بی سی کو بتایا کہ مرنے والوں میں بالغ اور بچے دونوں شامل ہیں اور بچ جانے والے 10 افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
 
دگماوی نے کہا کہ اتوار کو لینڈ سلائیڈنگ شدید بارش کی وجہ سے ہوئی۔ پیر کو جب پولیس اہلکار اور آس پاس کے لوگ تلاش اور بچاؤ کے کام میں مصروف تھے تو دوسری بار لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کی وجہ سے وہ بھی مٹی کے نیچے دب گئے۔
 
انہوں نے بی بی سی کو بتایا، ’’ہم ابھی تک کھدائی کر رہے ہیں۔
 
گوفا کے ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے سربراہ مارکوس مولاسے نے کہا کہ اب تک 229 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
 
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زندہ بچ جانے والوں کی تلاش تیزی سے جاری ہے تاہم مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
 
فوٹیج میں سینکڑوں افراد کو موقع پر جمع ہوتے اور نیچے پھنسے لوگوں کی تلاش میں مٹی کھودتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
 
گوفا جنوبی ایتھوپیا ریاست کا حصہ ہے۔ یہ دارالحکومت ادیس ابابا سے تقریباً 320 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے۔