امریکی سیکرٹ سروس کی ڈائریکٹر کمبرلی چیٹل مستعفی
Image
واشنگٹن: (سنو نیوز) امریکی سیکرٹ سروس کی ڈائریکٹر کمبرلی چیٹل نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کو روکنے میں ناکامی کا اعتراف کرنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پنسلوینیا میں انتخابی ریلی میں 20 سالہ مسلح شخص نے سابق ریپبلکن صدر اور اسی عہدے کے لیے دوبارہ امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو زخمی کر دیا تھا جس کے بعد سے ڈیموکریٹس اور ریپبلیکن دونوں اراکین نے کمبرلی چیٹل کے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔

کمبرلی چیٹل کانگریس کی ایک کمیٹی کے سامنے پیش ہوئی تھیں اور اعتراف کیا کہ ٹرمپ پر حملہ سیکرٹ سروس کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے اسے گزشتہ چند دہائیوں کے دوران خفیہ سروس کی سب سے اہم آپریشنل ناکامی قرار دیا تھا۔

ایوان نمائندگان کے ریپبلکن اسپیکر مائیک جانسن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمبرلی چیٹل کو یہ کام کم از کم ایک ہفتہ پہلے کرنا چاہیے تھا، مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ انہوں نے ریپبلکن اور ڈیموکریٹس دونوں کے مطالبے کو اہمیت دی۔

یاد رہے انتخابی مہم میں ڈونلڈ ٹرمپ کے تقریر شروع کرنے کے چند منٹ بعد مسلح شخص نے سابق صدر پر گولی چلائی تھی جس سے وہ معمولی زخمی ہوئے تھے اور اس کے گولی چلانے کے محض چند سیکنڈ بعد ہی قریبی عمارت کی چھت پر بیٹھے ہوئے سیکرٹ سروس کے اسنائپر نے اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

واضح رہے کمبرلی چیٹل نے 27 سال تک سیکرٹ سروس ایجنٹ کے طور پر خدمات انجام دی تھیں اور 2021 میں پیپسی کی شمالی امریکا میں سیکیورٹی کی سربراہی کے لیے وہاں سے چلی گئی تھیں لیکن 2022 میں صدر جو بائیڈن نے انہیں سیکرٹ سروس کا سربراہ مقرر کر دیا تھا۔