خانہ کعبہ کو غسل دینے کے روح پرور مناظر
Image
مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک) مکہ مکرمہ میں خانہ کعبہ کو غسل دینے کی روحانی تقریب کا آغاز ہوگیا اور مقدس رسم ادا کرنے کے لیے خانہ کعبہ کا دروازہ کھول دیا گیا۔

 خانہ کعبہ کی چابی رکھنے والے الشیخ ڈاکٹر صالح الزین نے بیت اللہ شریف کا دروازہ کھولا۔ مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان جو کہ دونوں مقدس مساجد کے متولی کی نمائندگی کررہے ہیں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خانہ کعبہ کے اندرونی حصے کو دھویا۔

اس موقع پر ائمہ کرام اور حرمین شریفین کے انتظامی امور کے حکام بھی موجود تھے۔ تقریب میں سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر اور دیگر مسلم ممالک کے سفیروں نے بھی شرکت کی۔

زمزم اور عرق گلاب سے غسل دیا گیا۔ غسل کے بعد کعبہ شریف کو پاکیزہ عطر، عرق گلاب اور بخور جیسی عمدہ خوشبوؤں سے معطر کیا جائے گا۔ کعبہ کو دھونا ایک وسیع روایت ہے جو سال میں دو بار ہوتی ہے۔

کعبہ کو اندر سے 45 لیٹر زمزم کے پانی سے دھویا جاتا ہے۔ عموماً نماز فجر کے فوراً بعد خانہ کعبہ کا دروازہ غسل کے لیے کھول دیا جاتا ہے۔ اندر سے خانہ کعبہ کی دیواریں تین میٹر اونچی ہیں اور چھت سبز ریشمی کپڑے سے ڈھکی ہوئی ہے۔

مقام ابراہیم، جہاں حضرت ابراہیم علیہ السلام کے قدموں کے نشانات ہیں، کو بھی دھویا جاتا ہے۔ اسے اندر اور باہر سے صاف کرنے میں عموماً چار گھنٹے لگتے ہیں۔