شدید دباؤ پر جوبائیڈن صدارتی انتخاب کی دوڑ سے دستبردار
Image
واشنگٹن: (سنو نیوز) ڈیموکریٹس کے امیدوار اور امریکی صدر جوبائیڈن رواں سال ہونے والے الیکشن سے قبل صدارتی انتخاب کی دوڑ سے دستبردار ہوگئے۔

 امریکی صدر جوبائیڈن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ بطور امیدوار دستبردار ہو رہا ہوں لیکن جنوری 2025 میں اپنی مدت ختم ہونے تک صدر کے طور پر کام کرتا رہوں گا۔

جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا اور میرا دوبارہ صدر منتخب ہونے کا ارادہ تھا لیکن مجھے یقین ہے کہ یہ میری پارٹی اور ملک کے بہترین مفاد میں ہے کہ میں اپنے عہدے سے دستبردار ہو جاؤں اور اپنی بقیہ مدت کے لیے صدر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے پر پوری توجہ مرکوز کروں۔

امریکی صدر نے دستبردار ہونے کے ساتھ ساتھ نئے امیدوار کے طور پر کمالا ہیرس کی حمایت کا بھی اعلان کیا۔ اگر ان کو ڈیموکریٹس کی جانب سے باضابطہ طور پر صدارتی امیدوار بنانے کا اعلان کیا جاتا ہے تو وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی ملک کی پہلی سیاہ فام اور ایشیائی نژاد امریکی خاتون ہوں گی۔

واضح رہے امریکی صدر جوبائیڈن پر ذہنی اور جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہوئی عمر کی وجہ سے صدارتی امیدوار کے عہدے سے دستبردار ہونے کے لیے دباؤ بڑھ رہا تھا۔

سیاسی تقاضوں سے یہ بات واضح ہوچکی تھی کہ موجودہ امریکی صدر کی جسمانی اور ذہنی حالت ایسی نہیں کہ وہ صدارتی انتخابات میں حصہ لے سکیں۔

 مباحثوں کے دوران وہ ریپبلیکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے بالکل نظر آئے اور کئی مواقع پر ان کا مذاق بھی اڑایا گیا تھا جس کے بعد خود ڈیموکریٹس کے نمائندوں نے ان سے اس عہدے کو چھوڑنے کا مطالبہ شروع کردیا تھا۔

یاد رہے کہ 2020 میں بھی جب بائیڈن اپنے حریف ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دے کر صدر منتخب ہوئے تھے وہ اس وقت بھی ملک کی تاریخ کے سب سے زائد العمر صدر تھے۔