کملاہیرس امریکی صدر؟ دی سمپسنز کی پیشگوئی
Image
لاہور: (ویب ڈیسک) امریکا کے صدر جوبائیڈن کا صدارتی دوڑ سے دستبرداری کا اعلان اور کملا ہیرس کی بطور صدارتی امیدوار حمایت کا اعلان، دی سمپسنز کارٹون کی پیش گوئی ایک بار پھر سے وائرل۔

 اینیمیٹڈ سیریز دی سمپسنز جو کہ دنیا کہ اہم ترین واقعات کیلئے کی جانے والی پیشگوئیوں کیلئے مشہور ہے، اس نے کملا ہیرس سے متعلق بھی 20 سال قبل پیشگوئی کی جو اب سوشل میڈیا صارفین کیلئے توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس اور دیگر ویب سائٹس پر دی سمپسنز کارٹون کی پیشگوئی پر اس حوالے سے میمز کی بھرمار ہوگئی ہے۔

دی سمپسنز کارٹون کی ایک اور بڑی پیشگوئی جلد سچ ثابت ہوتی نظر آرہی ہے جس میں 20 سال پہلے، پہلی ایشیائی سیاہ فام خاتون کو بطور امریکا کی صدر کے طور پر دکھایا گیا تھا۔

مارچ 2000 میں دی سمپسنز کی 11ویں سیریز کی 17ویں قسط میں  لیزا سمپسن  نامی کارٹون کردار کو امریکا کی صدر کے طور پر دکھایا گیا تھا۔ کارٹون کریکٹر نے کملا ہیرس کی طرح پینٹ سوٹ اور موتیوں کی مالا بھی زیب تن کی ہوئی تھی جو کارٹونز میں نظر آئی۔

جیسے ہی گزشتہ روز امریکی صدر جوبائیڈن نے صدارتی دوڑ سے دستبرداری اور کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان کیا تو سوشل میڈیا پر صارفین نے یہ کہنا شروع کردیا کہ دی سمپسنز کی ایک اور بڑی پیشگوئی جلد ٹھیک ثابت ہوگی اور کملا ہیرس الیکشن جیت کر امریکا کی پہلی ایشیائی سیاہ فام خاتون صدر بن جائیں گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کے بعد بھی دی سمپسنز کارٹون بہت زیادہ توجہ کا مرکز بنے تھے کیوں کہ دی سمپسنز کارٹون نے ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کی پہلے ہی پیشگوئی کردی تھی۔

صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا ویب سائٹس پر متعدد پوسٹ کی گئیں جن میں ٹرمپ کی مشابہت والے کارٹون کردار کو دکھایا گیا تھا جس میں اسے ڈائس پر تقریر کرتے ہوئے اور پھرکسی حادثے کے بعد کا منظر دکھایا گیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ تھا کہ یہ دی سمپسنز کی کسی قسط کے مناظر ہیں جن میں ٹرمپ پر حملے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔