جرمنی جانیوالے پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر
Image
کراچی: (ویب ڈیسک) جرمنی جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لئے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ تعلیم کے حصول کے لئے جانے والے طالبعلموں کی مشکلات دور ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق جرمن قونصل خانے کراچی نے ویزہ سروس بحال کرتے ہوئے جرمنی میں تعلیم کے حصول اور ویزے کے خواہشمندوں سے درخواستوں کی وصولی کا عمل شروع کر دیا گیا۔ ترجمان قونصل خانے نے بھی تصدیق کر دی۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل جرمن قونصل خانے کی جانب سے غیر معینہ مدت کیلئے اپنی ویزہ سروس معطل کر دی گئی تھی تاہم اس دوران یورپی شہریوں کیلئے ویزہ سروس بحال تھی۔

جرمن قونصلیٹ جنرل کراچی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس اپنے بیان میں کراچی میں موجود جرمن قونصل خانے میں غیر معینہ مدت کے لئے ویزے کا اجرا بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

قونصلیٹ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر آئندہ احکامات تک ویزا سروس معطل رہے گی، تاہم اس دوران یورپی شہریوں کیلئے ویزہ سروس بحال رہے گی۔

قونصل خانے  نے مزید کہا کہ یہ معطلی قونصل خانے کے عملے اور درخواست دہندگان دونوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کی کوششوں کے حصے کے طور پر کی گئی ہے۔

 

ویزہ سروس بند ہونے سے تعلیم کے حصول کیلئے جرمنی جانیوالے طالبعلموں کو مشکلات کا سامنا رہا تھا۔