حجاج کرام کی بے مثال خدمت کرنے والی سعودی نرس
Image
مکہ مکرمہ: (ویب ڈیسک)نیشنل گارڈ کی وزارت نے اپنے آفیشل پلیٹ فارم "ایکس" پر حج کے دوران خدمات انجام دینے والی نرسنگ سپیشلسٹ مھا المخلفی کی بے مثال خدمات کو سراہا ہے۔
 
عید کی چھٹیاں قربان کر کے خدمت کا عزم:
 
العربیہ ڈاٹ نیٹ کی رپورٹ کے مطابق، مھا المخلفی نے عید الاضحی کی چھٹیوں کے باوجود حجاج کرام کی خدمت کرنے پر اصرار کیا۔ ان کا مقصد ضیوف الرحمن کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنا تھا، جس کے لئے انہوں نے اپنی چھٹیوں کی قربانی دی۔
 
والد کی خدمت سے متاثر ہو کر نرس بننے کا فیصلہ:
 
مھا المخلفی نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 2023ء کے حج سیزن میں شرکت کی تھی اور یہ تجربہ ان کے لیے ناقابل بیان تھا۔ حاجیوں کی خدمت کا جذبہ انہیں اپنے والد سے ملا جو فوج میں کام کرتے ہیں اور حفاظتی ٹیموں کے ساتھ حجاج کی خدمت کرتے ہیں۔ مھا نے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے نیشنل گارڈ کی وزارت میں بطور نرس کام کرنے کا فیصلہ کیا۔
 
چار سالہ بیٹی کی قربانی:
 
مھا المخلفی نے حج کے دوران اپنی چار سالہ بیٹی کو بھی چھوڑ دیا تاکہ وہ حاجیوں کی خصوصی خدمات فراہم کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ میری بیٹی میرا انتظار کر رہی ہے اور میں اس کا شدت سے انتظار کر رہی ہوں، مگر میں اس کے ساتھ داخلی اطمینان اور خوشی بھی محسوس کر رہی ہوں۔ سعودی نرس کا سب سے اہم کام اس کا شعور اور ذمہ داری کا احساس ہے، جو ہمارے ایمان اور لگن سے معجزات کا باعث بنتا ہے۔
 
937 ہیلتھ سنٹر کی خدمات:
 
حج سیزن 1445 ہجری کے دوران ہیلتھ سنٹر 937 نے ضیوف الرحمن کو معیاری خدمات فراہم کیں۔ حجاج کرام کو صحت سے متعلق تمام پوچھ گچھ، مشاورت اور فوری رپورٹس فراہم کی جاتی ہیں۔ 
 
مقدس مقامات کی تمام صحت کی سہولیات میں سات زبانوں میں بات چیت کرنے والا عملہ موجود ہے، جو عربی، انگریزی، اردو، فرانسیسی، انڈونیشی، ترکی اور فارسی میں خدمات فراہم کرتا ہے۔