ایپل کا سستا ترین آئی فون،متعارف کرانے کی تاریخ سامنے آگئی
iPhone SE 4 release date
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک)ایپل نے اس سال کا سستا ترین آئی فون متعارف کرانے کا ارادہ کیا ہے، جس کی متوقع تاریخ فروری کے دوسرے ہفتے میں سامنے آئی ہے۔

یہ فون جو آئی فون ایس ای 4 کے نام سے جانا جائے گا، اپنے خاص ڈیزائن اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ صارفین کو متوجہ کرنے کیلئے تیار ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے آئی فون ایس ای 4 کی لانچ کا کوئی ایونٹ نہیں منعقد کیا جائے گا،بلکہ اسے ایک پریس ریلیز کے ذریعے متعارف کرایا جائے گا اور اس کی دستیابی فروری کے آخر تک شروع ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ یہ اعلان اس بات کا غماز ہے کہ ایپل نے آئی فون ایس ای 4 کو ایک بہتر قیمت پر فراہم کرنے کا ارادہ کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین اسے خرید سکیں۔

جاری کردہ رپورٹس کے مطابق آئی فون ایس ای 4 کی خاص بات یہ ہے کہ اس کا ڈیزائن پچھلے ماڈلز کے مقابلے میں بہتر اور جدید ہوگا۔ اس سیریز کے پہلے فون میں ہوم بٹن کو ہٹا دیا جائے گا اور آئی فون 14 کی طرح فل اسکرین ڈیزائن اپنایا جائے گا۔ اس کے فرنٹ کیمرے میں نوچ ڈیزائن کو شامل کیا جائے گا جس سے فیس آئی ڈی کی سہولت حاصل ہوگی۔

اس کے ساتھ ساتھ اس میں 6.1 انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا جائے گا، جو پہلے کی نسبت زیادہ روشن اور واضح ہوگا۔ فون میں ایپل کا اے 18 چپ سیٹ موجود ہوگا جو گزشتہ سال کے آئی فون 16 اور 16 پلس میں استعمال کیا گیا تھا۔ اس چپ کے ذریعے فون کی کارکردگی مزید تیز اور موثر ہو گی۔

اسی طرح سے آئی فون ایس ای 4 میں 48 میگا پکسل کا بیک کیمرہ دیا جائے گا، جو صارفین کو بہتر اور زیادہ واضح تصاویر فراہم کرے گا۔ فرنٹ کیمرے میں 24 میگا پکسل کا کیمرہ نصب کیا جائے گا تاکہ ویڈیو کالز اور سیلفیز کی معیار میں اضافہ ہو سکے۔

خیال رہے کہ ایپل نے پہلی بار اس سیریز میں یو ایس بی سی پورٹ بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے چارجنگ کا عمل مزید تیز اور موثر ہوگا۔علاوہ ازیں ایپل کے خود تیار کردہ موڈیم کا استعمال کرنے کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں، جو نئے فون کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائے گا۔

یاد رہے کہ ایپل نے پہلی بار آئی فون ایس ای کو 2016 میں متعارف کرایا تھا، اس وقت یہ ایک سستا اور معیاری فون تصور کیا گیا تھا جس میں مہنگے ماڈلز کی خصوصیات شامل تھیں۔