سولر پینلز لگوانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری
Solar Panels
لاہور:(ویب ڈیسک) ملک بھر میں سولر پینلز اور بیٹریز کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کے بعد گھریلو صارفین کیلئے سولر سسٹم لگوانا بہت آسان ہو گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سولر پینلز کے ساتھ ساتھ اب سولر بیٹریز کی قیمتوں میں بھی 20 فیصد تک کمی دیکھی گئی ہے۔ساڑھے چار لاکھ روپے کی لیتھیم سولر بیٹری اب کم ہو کر 3 لاکھ 80 ہزار روپے میں دستیاب ہے،جبکہ 70 ہزار روپے کی ٹیوبلر بیٹری کے دام گر کر 55 ہزار روپے ہو گئے ہیں۔ 

ماہرین کے مطابق اس کمی کی بنیادی وجوہات میں بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں کا گرنا اور ملک میں بڑھتی ہوئی سولر ٹیکنالوجی کی مانگ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں مہنگی بجلی، لوڈشیڈنگ اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت نے گھریلو صارفین کو متبادل ذرائع توانائی اپنانے پر مجبور کر دیا ہے،جس کی وجہ سے سولر پینلز اور بیٹریز کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ 

ماہرین کا کہنا ہے کہ سولر پینلز اور بیٹریز میں سرمایہ کاری لمبے عرصے میں فائدہ مند ہے کیونکہ یہ نہ صرف بجلی کے بلوں میں کمی لاتی ہیں بلکہ لوڈشیڈنگ کے دوران ایک مؤثر حل بھی فراہم کرتی ہیں۔ 

خیال رہے کہ حالیہ قیمتوں میں کمی ان صارفین کیلئے سنہری موقع ہے جو بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے پریشان ہیں اور متبادل توانائی کے ذرائع پر منتقل ہونا چاہتے ہیں۔

صنعت کے ماہرین توقع کرتے ہیں کہ یہ رجحان مستقبل میں بھی برقرار رہے گا اور سولر ٹیکنالوجی عام صارف کی پہنچ میں آتی رہے گی۔