بغیر سم اور نیٹ ورک کے اب کال کرنا ممکن
sim call without network
لاہور:(ویب ڈیسک)فون کال کیلئے ہمیشہ سم کارڈ اور نیٹ ورک کی ضرورت ہوتی ہے،لیکن جدید ٹیکنالوجی کی بدولت بہت جلد بغیر سم اور نیٹ ورک کے بھی کال کرنا ممکن ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی سرکاری ٹیلی کام کمپنی بی ایس این ایل نے حال ہی میں انڈین موبائل کانگریس میں اپنا نیا لوگو اور سلوگن لانچ کرنے کے ساتھ ساتھ 7 نئی سروسز کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔

ان سروسز میں سب سے خاص ڈی ٹو ڈی (ڈائرکٹ ٹو ڈائرکٹ) سروس ہے،جس کی مدد سے صارفین بغیر سم کارڈ اور موبائل نیٹ ورک کے آسانی سے کال کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ بی ایس این ایل کی ڈی ٹو ڈی سروس سیٹلائٹ ٹیکنالوجی پر مبنی ہے،جس کے ذریعے صارفین سیٹلائٹ کے ذریعے کال کرنے کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔یہ سروس ان علاقوں کیلئے نہایت مفید ثابت ہوگی،جہاں موبائل نیٹ ورک دستیاب نہیں ہوتا۔

اس کے علاوہ قدرتی آفات جیسے زلزلہ،سیلاب یا طوفان کے دوران بھی یہ سروس بے حد کارآمد ثابت ہوگی،کیونکہ اکثر ایسے مواقع پر موبائل نیٹ ورک کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں اور لوگوں کو رابطے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،مگر یہ سروس ایسی صورتحال میں بھی کام کرے گی۔

بی ایس این ایل نے اس سروس کیلئے ویاست نامی سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی فراہم کرنے والی کمپنی کے ساتھ شراکت داری کی ہے، سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے آسمان میں موجود سیٹلائٹس بڑے ٹاورز کی طرح کام کرتے ہیں اور کالنگ کے دوران ایک موبائل کو دوسرے موبائل سے جوڑنے میں مدد فراہم کرتے ہیں،جس سے کال ممکن ہو جاتی ہے۔

خیال رہے کہ فی الحال بی ایس این ایل اس سروس پر کام کر رہا ہے اور امید ہے کہ جلد ہی اسے کمرشل سطح پر لانچ کیا جائے گا۔ماہرین کے مطابق یہ سروس نہ صرف دیہی اور دور دراز علاقوں کیلئے بلکہ ہنگامی حالات میں بھی بے حد معاون ثابت ہوگی اور لوگوں کو سم اور نیٹ ورک کی محتاجی سے نجات دلائے گی۔