کمپنی نے آخر کار "سوزوکی ایوری" متعارف کرا دی
Suzuki every
اسلام آباد:)ویب ڈیسک) پاکستان سوزوکی موٹرز کمپنی (پی ایس ایم سی) نے طویل انتظار کے بعد اپنی نئی منی ایم پی وی "سوزوکی ایوری" متعارف کروا دی ہے۔

یہ گاڑی خاص طور پر کمرشل ٹیکسی سروسز کیلئے ڈیزائن کی گئی ہے اور اسے چنگان کاروان کی براہ راست حریف سمجھا جا رہا ہے۔

سوزوکی ایوری کی قیمت کا اعلان بھی کیا گیا ہے، جس کے مطابق:

سوزوکی ایوری وی ایکس آر - وی وی ٹی(VXR VVT)  کی قیمت 27 لاکھ 99 ہزار روپے ہو گی ۔

وزوکی ایوری وی ایکس کی قیمت 27 لاکھ 49 ہزار روپے ہو گی۔

یاد رہے کہ سوزوکی ایوری نے سوزوکی بولان کی جگہ لی ہے،جس کی وجہ یہ ہے کہ سال 2021 میں لاہور ہائی کورٹ نے ایئر بیگز کا نصب ہونا ہر گاڑی کیلئے لازمی قرار دیا تھا۔سوزوکی بولان میں ایئر بیگ کی عدم موجودگی کی وجہ سے یہ گاڑی جلد ہی بند ہونے کے خطرے میں تھی۔ 2024 کے وسط تک تمام گاڑیوں میں ایئر بیگز کا ہونا قانونی تقاضا بن جائے گا،جس کی وجہ سے سوزوکی ایوری کو مارکیٹ میں لانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

چنگان کاروان کی موجودہ قیمت 30 لاکھ روپے ہے اور یہ اس سیگمنٹ میں سب سے آگے ہے۔ سوزوکی ایوری کو خاص طور پر کمرشل ٹیکسی کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے،جو اسے مارکیٹ میں مقبول بناتی ہے۔ تاہم، یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ موجودہ وقت میں چنگان کاروان کی بیشتر یونٹس امپورٹڈ ہیں۔

مقامی طور پر تیار ہونے کی وجہ سے سوزوکی ایوری کیلئے چنگان کاروان کے ساتھ مقابلہ دلچسپ ہو گا،کیونکہ سوزوکی پاکستان کی مقامی کار انڈسٹری کی "بگ 3" کمپنیوں میں سے ایک ہے۔سوزوکی ایوری کی آمد سے مارکیٹ میں مقابلہ بڑھے گا اور صارفین کو نئے آپشنز فراہم ہوں گے۔