حالیہ دنوں میں سائبر کرمنلز نے شہریوں کو لوٹنے کے لیے نت نئے اور حیرت انگیز حربے استعمال کرنا شروع کر دیے ہیں۔ ایک نیا اور خطرناک طریقہ یہ ہے کہ اگر آپ کے موبائل فون کی گھنٹی بجے اور اسکرین پر اچانک آپ کی اپنی تصویر نمودار ہو،تو فوراً محتاط ہو جائیں اور ہرگز اس تصویر کی طرف نہ دیکھیں۔اگر آپ نے غلطی سے اسکرین کی طرف دیکھا یا کال ریسیو کی تو آپ سائبر کرائم کا شکار ہو سکتے ہیں، جس سے آپ اپنی محنت کی کمائی اور موبائل فون ڈیٹا سے محروم ہو سکتے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایسی کالیں اکثر 3 یا 4 ڈیجٹس پر مشتمل نمبر سے آتی ہیں،جو عموماً کسی بین الاقوامی یا نامعلوم کال نمبر کی طرح نظر آ سکتی ہیں۔ جیسے ہی آپ کال ریسیو کریں گے،کال کرنے والا شخص آپ کے چہرے کی تصویر حاصل کر لےگا۔ اس کے بعد اگر آپ اس کال پر بات چیت کریں گے تو آپ کی آواز بھی ریکارڈ ہو جائے گی۔ اس طریقے سے سائبر کریمنلز آپ کی آواز اور چہرے کی شناخت حاصل کر لیں گے جو آگے چل کر مختلف دھوکہ دہی کی وارداتوں میں استعمال کی جا سکتی ہے۔
سائبر کرمنلز آپ کی چہرے کی شناخت اور آواز کا استعمال کر کے آپ کے موبائل فون کو ہیک کر سکتے ہیں اور اسے مکمل طور پر بلاک کر بھی سکتے ہیں۔اس کے علاوہ یہ مجرم آپ کے موبائل فون میں موجود تمام ڈیٹا،جیسے کہ بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات،ذاتی تصاویراور دیگر حساس معلومات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں،جس سے آپ کی پرائیویسی اور مالیاتی سیکیورٹی کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
حیران کن بات یہ ہے کہ سائبر کرمنلز اس طریقے سے آپ کے فون کو ہیک کرنے کے بعد آپ کے دوستوں اور رشتہ داروں کو بھی دھوکہ دے سکتے ہیں۔ وہ آپ کے نمبر سے آپ کے جاننے والوں کو ویڈیو کال کر سکتے ہیں،جس میں آپ ہی کی ویڈیو نظر آئے گی۔اس طرح وہ لوگ بھی دھوکا کھا سکتے ہیں اور ان کے ساتھ بھی فراڈ ہو سکتا ہے۔ اس طریقے سے سائبر مجرم آپ کے قریبی لوگوں سے بھی مالی فائدہ اٹھا سکتے ہیں یا ان کی ذاتی معلومات چرا سکتے ہیں۔
ایسے صورت میں مندرجہ ذیل احتیاطی تدابیر اپنائیں:
1. اگر کسی نامعلوم نمبر سے کال آئے اور اسکرین پر آپ کی تصویر نمودار ہو، تو فوری طور پر فون بند کر دیں۔
2. ایسے کسی نمبر کو نہ کال بیک کریں اور نہ ہی کال ریسیو کریں۔
3. اپنے موبائل فون میں سائبر سیکیورٹی ایپلی کیشنز انسٹال کریں اور اپنے ڈیٹا کی حفاظت کے لیے مضبوط پاس ورڈز اور بائیومیٹرک سیکورٹی استعمال کریں۔
4. اگر آپ کو شک ہو کہ آپ کی کوئی معلومات چوری ہو گئی ہے تو فوراً اپنے موبائل فون کی سیکیورٹی سیٹنگز چیک کریں اور اپنی اہم معلومات کو محفوظ بنائیں۔
5. اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کو بھی اس خطرے سے آگاہ کریں، تاکہ وہ بھی ایسی کسی کال کو اٹینڈ کرنے سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ آج کے دور میں سائبر کرائمز تیزی سے بڑھ رہے ہیں،اس لیے ضروری ہے کہ محتاط رہیں اور اپنی ذاتی معلومات کی حفاظت کریں۔